کلثوم پورہ میں نوجوان کا قتل

   


حیدرآباد: کلثوم پورہ کے علاقہ ضیا گوڑہ میں پیش آئے ایک واقعہ میں پرانی مقاصمت کے نتیجہ میں ایک نوجوان کا قتل کردیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 31 سالہ محمد اعظم ساکن ضیا گوڑہ ڈینٹنگ کا کام کیا کرتا تھا جسے کل رات دیر گئے بعض افراد نے تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کر کے قتل کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ مقتول کا جھگڑا دور کے رشتہ داروں سے ہوا تھا اور ان دونوں کے درمیان مقاصمت چل رہی تھی ۔ اعظم کو منصوبہ بند طریقہ سے اسے سنسان علاقہ میں طلب کیا اور اچانک حملہ کرتے ہوئے اس کا قتل کردیا۔ مقتول کی نعش کو صبح کی اولین ساعتوں میں دیکھنے پر مقامی افراد نے پولیس کو آگاہ کیا اور کلثوم پورہ پولیس اسٹیشن سے وابستہ ایک ٹیم نے وہاں پہنچ کر ڈاک اسکواڈ اور سراغ رسانی دستہ کلوز ٹیم کو بھی طلب کرلیا اور بعد ازاں پوسٹ مارٹم کیلئے نعش کو دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کردیا گیا۔ یہ معلوم ہوا ہے کہ اس قتل میں ملوث بعض افراد نے پولیس کے روبرو خود سپردگی اختیار کردی۔