وشاکھاپٹنم ۔19 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی اسپنر کلدیپ یادو نے دوسرے ونڈے میں ویسٹ انڈیزکے خلاف ہیٹ ٹرک بنائی۔ انہوں نے مسلسل تین گیندوں میں شے ہوپ، جیسن ہولڈراورالزاری جوزف کوآؤٹ کیا۔ یادو نے ویسٹ انڈیز کی اننگز کے33 ویں اوورمیں یہ کارنامہ انجام دیا۔ وہ بین الاقوامی کرکٹ میں دوہیٹ ٹرک لینے والے پہلے ہندوستانی بولر بن گئے ہیں۔ اس سے پہلے انہوں نے 2017 میں آسٹریلیا کے خلاف ونڈے میں بھی ہیٹ ٹرک لی تھی۔ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ ہیٹ ٹرک لینے کا ریکارڈ سری لنکا کے لستھ ملنگا کے نام ہے، جنہوں نے تین باریہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ کلدیپ یادونے پاکستان کے وسیم اکرم، ثقلین مشتاق، سری لنکا کے چمندا واس اورنیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ کی برابری کی۔ ان سبھی نے دوبارہیٹ ٹرک لی ہے۔ وہیں ونڈے میں یہ ہندوستان کی طرف سے چھٹی ہیٹ ٹرک ہے۔ سب سے پہلے چیتن شرما نے 1987 کے ورلڈکپ میں ہیٹ ٹرک بنائی تھی۔ ان کے بعد کپل دیو، کلدیپ یادو اورمحمد سمیع نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ محمد سمیع نے اسی سال ورلڈ کپ میں افغانستان کے خلاف مسلسل تین گیندوں میں تین وکٹ لئے تھے۔ وہیں ٹسٹ میں ہندوستان کی طرف سے ہربھجن سنگھ، عرفان پٹھان اورجسپریت بمراہ ہیٹ ٹرک لے چکے ہیں۔ ٹی 20 میں دیپک چہرنے مسلسل تین وکٹ لینے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔ سال 2019 میں پہلی مرتبہ ہندوستان کی طرف سے 5 ہیٹ ٹرک لی گئی اوراس میں 4 ہندوستانی بولرز شامل ہیں ۔ ان میں محمد شمی، جسپریت بمراہ، دیپک چہراور کلدیپ یادونے ہیٹ ٹرک لی ہے۔کلدیپ یادو نے اپنی اس ہیٹ ٹرک پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ 10 ماہ کے دوران میں کافی دباؤ میں تھا لیکن اس ہیٹ ٹرک نے میرے اعتماد کو بلند کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ 10 ماہ کے دوران مظاہروں میں استقلال نہیں تھا۔