سڈنی۔ 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بائیں ہاتھ کے اسپنر کلدیپ یادو نے آسٹریلیا کی سرزمین پر اپنے پہلے ٹسٹ کھیل میں 5 وکٹ لیتے ہوئے میزبانوں کو چوتھے اور آخری ٹسٹ میچ میں آج 300 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد فالو آن پر مجبور کرنے میں اپنی ٹیم ہندوستان کی مدد کی۔ ناقص روشنی کے سبب مقررہ وقت سے کچھ دیر قبل ہی چائے کے وقفہ پر میدان چھوڑنے کے لئے مجبور ہونا پڑا۔ اس وقت مارکوس ہیرس (2) اور عثمان خواجہ (4) دوسری اننگز کے لئے کھیل رہے تھے۔ ہندوستان نے پہلی اننگز میں آسٹریلیا کو 300 رنز پر آؤٹ کرتے ہوئے فالو آن مسلط کردیا تھا۔ کلدیپ نے پہلی مرتبہ کھیلتے ہوئے ان کے عوض 5 وکٹس حاصل کیا تھا۔ اس طرح ہندوستان کو آسٹریلیا پر 322 رنز کی سبقت حاصل ہوچکی تھی۔ چوتھے میچ کے پہلے اور دوسرے دن چیٹیشور پجارا (193) اور ریشبھ پنت (159) نے ہندوستانی ٹیم کو 7 وکٹس پر 622 رنز کا بھاری بھرکم اسکور کھڑا کرتے ہوئے اننگز ڈیکلیر کرنے میں مدد کی۔ ہندوستان کو اڈیلیڈ میں 31 رنز سے پہلے اور ملبورن میں 137 رنز سے تیسرا میچ جیت لینے کے بعد آسٹریلیا پر 2-1 سے ناقابل تسخیر سبقت حاصل ہوگئی تھی۔ پرتھ میں منعقدہ دوسرے ٹسٹ میں آسٹریلیا کی جیت ہوئی تھی۔