کلکٹر رنگا ریڈی اور ریونیو عہدیداروں پر 10 ہزار روپئے کا جرمانہ

   

حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے گزشتہ پانچ برسوں سے جوابی حلفنامہ داخل نہ کرنے پر پرنسپل سکریٹری ریونیو ، کلکٹر رنگا ریڈی اور منڈل ریونیو عہدیدار اپل پر 10,000 روپئے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ عدالت نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ جرمانہ کی رقم اندرون چار ہفتے اسٹیٹ لیگل سرویسز اتھاریٹی میں جمع کرائیں۔ اراضی پر ناجائز قبضے کے معاملہ میں عہدیداروں نے گزشتہ پانچ برسوں سے حلفنامہ داخل نہیں کیا ہے۔ چیف جسٹس ہیما کوہلی اور جسٹس وجئے سین ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے سرورنگر کے ساکن ڈی بھاسکر کی درخواست کی سماعت کی۔ 2016 ء میں یہ درخواست داخل کی گئی تھی جس میں سروے نمبرات 143 ، 151 اور 160 کے تحت 2 ایکر 18 گنٹے سرکاری اراضی پر ناجائز قبضہ کی شکایت کی گئی ۔ عدالت نے کہا کہ 5 سال گزرنے کے باوجود عہدیداروں نے حلفنامہ داخل نہیں کیا۔ عدالت نے کہا کہ اگر آئندہ سماعت تک حلفنامہ داخل نہیں کیا گیا تو پرنسپل سکریٹری ریونیو کو عدالت میں پیش ہونا ہوگا۔ درخواست گزار نے اراضی کے سروے کی اپیل کی اور اس سلسلہ میں احکامات جاری کرنے کی عدالت سے درخواست کی گئی ۔