کلکٹر رنگاریڈی کو عثمان نگر کا دورہ کرنے انسانی حقوق کمیشن کی ہدایت

   

پانی کی نکاسی کا منصوبہ تیار کیا جائے، متاثرین کی کمیشن سے نمائندگی
حیدرآباد۔ تلنگانہ انسانی حقوق کمیشن نے کلکٹر رنگاریڈی کو ہدایت دی ہے کہ وہ اندرون دو یوم عثمان نگر علاقہ کا دورہ کرتے ہوئے علاقہ میں پانی کی نکاسی کا منصوبہ تیار کریں۔ واضح رہے کہ عثمان نگر کے عوام ایک ماہ سے زائد عرصہ سے پانی کی نکاسی کے سلسلہ میں پریشان ہیں۔ علاقہ میں ابھی بھی بیشتر مکانات پانی میں محصور ہیں۔ متاثرین نے انسانی حقوق کمیشن سے نمائندگی کی اور کمیشن نے متاثرین کی سماعت کے بعد کہا کہ کمیشن کے ارکان سے مشاورت کے بعد عثمان نگر دورہ کا فیصلہ کیا جائے گا۔ کلکٹر رنگاریڈی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جل پلی میونسپلٹی اور محکمہ جات آبپاشی اور ریوینو کے ساتھ اشتراک کرتے ہوئے اندرون دو یوم علاقہ کا دورہ کریں اور مکانات سے پانی کی نکاسی کیلئے ضروری قدم اٹھائیں۔ کمیشن نے کلکٹر سے خواہش کی کہ علاقہ میں میڈیکل کیمپ منعقد کیا جائے اور متاثرہ خاندانوں کو اشیائے ضروریہ کی سربراہی کے انتظامات کئے جائیں۔ ایم بی ٹی کے ترجمان امجد اللہ خاں خالد نے عثمان نگر، احمد نگر، سیف کالونی کے متاثرین کے ہمراہ صدرنشین انسانی حقوق کمیشن جسٹس گنڈا راؤ چندریا سے ملاقات کی اور مقامی عوام کے مسائل کی یکسوئی میں عہدیداروں کے تساہل سے واقف کرایا۔ کمیشن کو بتایا گیا کہ مذکورہ علاقوں کے عوام دو ماہ سے زائد عرصہ سے پانی میں محصور ہیں اور 1000 سے زائد خاندان کسی سہارے کے بغیر سڑکوں پر زندگی گذارنے پر مجبور ہیں۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کی کوئی مدد نہیں کی گئی۔ مقامی افراد نے بتایا کہ تین محکمہ جات کی جانب سے ایک دوسرے کو موردالزام ٹہرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ حکومت نے متاثرہ خاندانوں کیلئے 10 ہزار روپئے کا اعلان کیا تھا لیکن یہ متاثرین حکومت کی امداد سے بھی محروم ہیں۔