نظام آباد۔ 11 مارچ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ضلع کلکٹر نظام آباد ایلا ترپاٹھی نے آج نوی پیٹ منڈل کے موکن پلی میں قائم کستوربا گاندھی گرلز اقامتی سکول کا اچانک معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اسکول کی مختلف جماعتوں کا معائنہ کرتے ہوئے تدریسی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور عملہ کی حاضری کے رجسٹرس کی بھی جانچ کی۔ معائنہ کے دوران انتظامی بے ضابطگیوں کو دیکھ کر کلکٹر نے ناراضگی کا اظہار کیا اور فرائض کی انجام دہی میں لاپرواہی برتنے پر انچارج اسپیشل آفیسر کویتا کے علاوہ تدریسی عملہ سے وابستہ راجشری کے خلاف شوکاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایت دی۔کلکٹر نے واضح کیا کہ گرلز سکول کی انتظامیہ میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور طالبات کی حفاظت اور فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے۔ انہوں نے طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ محنت اور خود اعتمادی کے ساتھ امتحانات کی تیاری کریں۔ کلکٹر نے یہ بھی کہا کہ اگر کسی قسم کی دشواری پیش آئے تو بلا جھجھک متعلقہ حکام سے شکایت کریں اور صحت سے متعلق مسائل کو ہرگز نظر انداز نہ کریں۔ اس موقع پر طالبات کے لیے منعقدہ میڈیکل کیمپ کا بھی انہوں نے معائنہ کیا اور ڈاکٹروں کی جانب سے ذاتی صفائی اور صحت کے تحفظ سے متعلق دی جانے والی آگہی کی ستائش کی۔ کلکٹر نے پنچایت سکریٹری کو ہدایت دی کہ کے جی بی وی اسکول کے اطراف و اکناف کی صفائی کو یقینی بنانے کے لیے مناسب اقدامات کئے۔