کلکٹرکابالکنڈہ اقلیتی اقامتی اسکول اورماڈل اسکول کا اچانک دورہ

   

طالبات اور عملہ کی کیئرٹیکرکے خلاف بے شمارشکایات‘ برطرف کرنے کے کلکٹر کے احکامات جاری

نظام آباد: 11؍مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹرنظام آباد ایلا تریپاٹھی نے بالکنڈہ منڈل مستقر میں واقع اقلیتی اقامتی گرلز اسکول اور ماڈل اسکول کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا اور طلبہ کی سہولتوں کے حوالے سے سخت ہدایات جاری کی۔ اس دوران طالبات اور عملہ کی جانب سے کیئر ٹیکر ایم وینا کے خلاف نامناسب رویہ اور فرائض میں لاپرواہی کی شکایت سامنے آنے پر کلکٹر ایلا ترپاٹھی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں ملازمت سے برطرف کرنے کے احکامات جاری کیا معائنہ کے دوران کلکٹر نے اسٹور روم اور کچن کا جائزہ لیتے ہوئے ذخیرہ شدہ باریک چاول اور دیگر اشیاء کی معیاریت کا معائنہ کیا اور یہ معلوم کیا کہ آیا طلبہ کو روزانہ طے شدہ مینو کے مطابق معیاری اور غذائیت سے بھرپور کھانا فراہم کیا جا رہا ہے یا نہیں۔ اسی موقع پر ماڈل اسکول کی طالبات اور عملہ نے کلکٹر سے شکایت کی کہ کیئر ٹیکر ایم وینا اپنے فرائض میں لاپرواہی برتتے ہوئے اکثر غیر حاضر رہتی ہیں، ہاسٹل میں پانی کی شدید قلت کے باوجود کوئی متبادل انتظام نہیں کیا جاتا اور نہ ہی مینو کے مطابق کھانا فراہم کیا جاتا ہے، جس کے باعث طالبات کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، طالبات نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ کیئر ٹیکر ان کے ساتھ نامناسب زبان استعمال کرتی ہیں جبکہ عملہ نے بھی کلکٹر کے سامنے اس رویہ پر افسوس کا اظہار کیا۔ شکایات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے کلکٹر نے فوری تحقیقات کا حکم دیا جس کے تحت جی ای سی او بھاگیہ لکشمی اور انچارج پرنسپل سرینواس نے تحقیقاتی رپورٹ پیش کی، جس کی بنیاد پر کلکٹر نے کیئر ٹیکر وینا کو فرائض سے برطرف کرنے کے احکامات جاری کیے اور واضح کیا کہ طلبہ کے مفادات کے معاملہ میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ کلکٹر نے ماڈل اسکول میں پانی کی قلت کے مسئلہ کو مستقل طور پر حل کرنے کیلئے مشن بھاگیرتا کے عہدیداروں کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ قبل ازیں کلکٹر نے اقلیتی اقامتی گرلز اسکول کا دورہ کرتے ہوئے حاضری رجسٹر کا معائنہ کیا اور عملہ کی موجودگی کا جائزہ لیا، دسویں جماعت کے کمرہ میں جا کر طالبات سے ریاضی کے سوالات پوچھ کر ان کی تعلیمی صلاحیتوں کا اندازہ لگایا اور درست جوابات دینے والی طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے چاکلیٹ باکس پیش کیا۔ انہوں نے طالبات کو آئندہ امتحانات کے پیش نظر مکمل یکسوئی کے ساتھ مطالعہ کرنے اور صرف کامیابی نہیں بلکہ اعلیٰ گریڈ حاصل کرنے کی ترغیب دی، پرنسپل کی جانب سے گزشتہ سال سو فیصد نتائج حاصل ہونے کی اطلاع پر کلکٹر نے اس سال بھی صد فیصد کامیابی کیلئے طالبات کو بہتر تیاری کرانے کی ہدایت دی اور کہا کہ وہ دوبارہ اچانک معائنہ کریں گے لہٰذا اسکول کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے۔