مغربی بنگال کے مہلوک مزدوروں کے ورثاء کو فی کس پانچ لاکھ معاوضہ کا اعلان
کولکتہ ۔ 30 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) کشمیر میں دہشت گرد حملہ میں مغربی بنگال کے پانچ مزدوروں کی ہلاکت کی چیف منسٹر ممتا بنرجی نے شدید مذمت کی ہے ۔ انہوں نے اس واقعہ کی جامع تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا تاکہ حقائق کا پتہ لگایا جاسکے ۔ ممتا بنرجی نے مہلوک مزدوروں کے ورثاء کے لئے فی کس 5 لاکھ روپئے معاوضہ کا اعلان کیا ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ کل کشمیر میں انتہائی بدبختانہ واقعہ پیش آیا جس میں منصوبہ بند طریقہ سے پانچ مزدوروں کا بہیمانہ قتل کردیا گیا جس سے انہیں شدید صدمہ پہنچا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کشمیر میں کوئی سیاسی سرگرمیاں نہیں ہیں اور لاء اینڈ آرڈر مکمل طور پر مرکزی حکومت کے تحت ہے۔ انہوں نے بے رحمانہ ہلاکتوں سے متعلق تفصیلات حاصل کرنے کی سینئر بنگال پولیس آفیسر کو ذمہ داری دی ہے۔ ا نہوں نے اس واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تاکہ حقائق معلوم کئے جا سکیں اور جنوبی بنگال کے اے ڈی جی سنجے سنگھ کو مکمل تفصیلات حاصل کرنے کیلئے تعینات کیا ہے ۔ منگل کو جنوبی کشمیر کے کلگام ضلع میں دہشت گردوں نے مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے پانچ مزدوروں کو گولی مارکر ہلاک کردیا جبکہ ایک شدید طورپر زخمی ہے ۔ ممتا بنرجی نے متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کا تیقن دیا ہے۔
