کم جونگ کی امریکہ کیساتھ دوسری چوٹی کانفرنس کی تیاری

   

پیونگ یانگ،24جنوری (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ ان نے امریکہ کے ساتھ ہونے والی دوسری چوٹی کانفرنس کی تیاریاں شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔ کورین سینٹرل نیوز ایجنسی نے جمعرات کو بتایا کہ مسٹر کم جونگ نے امریکہ جاکر صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے گزشتہ ہفتے ملاقات کرنے والے وفد کے اراکین کے ساتھ میٹنگ کی۔اس دوران انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ میٹنگ کے نتیجوں سے وہ خوش ہیں۔انہوں نے حکام کو امریکہ کے ساتھ ہونے والی دوسری چوٹی کانفرنس کی تیاریاں شروع کرنے کی ہدایت دی ہے ۔واضح رہے کہ شمالی کوریا کے ڈپٹی لیڈر کم یونگ چول نے 18جنوری کو وائٹ ہاؤس میں مسٹر ٹرمپ سے ملاقات کی تھی۔اس کے بعد امریکہ نے اعلان کیاتھا کہ مسٹر ٹرمپ اور مسٹرکم جونگ کے درمیان فروری کے آخر میں دوسری چوٹی کانفرنس منعقد ہوگی۔مسٹر کم جونگ اور مسٹر ٹرمپ کے درمیان پہلے چوٹی کانفرنس گزشتہ سال جون میں سنگاپور میں ہوئی تھی۔