کم عمر لڑکیوں سے دست درازی کرنے والا نوجوان گرفتار

   

حیدرآباد : /19 اکٹوبر (سیاست نیوز) سعیدآباد پولیس نے دو افراد کو گرفتار کرلیا جو تین کم عمر لڑکیوں سے دست درازی میں ملوث تھے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سپوٹا باغ کے ساکن 26 سالہ ریاض کو پولیس نے اس وقت گرفتار کرلیا جب اسی محلہ کے تین کمسن لڑکیوں نے اس نوجوان کی جانب سے گھناؤنی حرکت کی شکایت اپنے والدین سے کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ چاکلیٹ دینے کے بہانے ریاض نے دو علحدہ خاندان کے تین کمسن لڑکیوں کو راغب کیا اور بعد ازاں دست درازی کی ۔ پولیس نے اس نوجوان کو اس وقت حراست میں لے لیا جب تینوں لڑکیوں کے ماں باپ نے تحریری شکایت درج کروائی اور پولیس نے اس کے خلاف پوکسو ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ درج کرلیا ۔ اسی طرح سعیدآباد سنکیشور بازار کی ساکن 15 سالہ کم عمر لڑکی کا جنسی استحصال کرنے والے 30 سالہ وجئے کو بھی پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ وجئے کم عمر لڑکی سے گزشتہ ایک سال سے تعلقات قائم کئے ہوئے تھا اور اس کا جنسی استحصال کررہا تھا ۔ پولیس نے دونوں ملزمین کو نامپلی میٹرو پولیٹین کریمنل کورٹس میں پیش کرتے ہوئے انہیں جیل بھیج دیا ۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں سعیدآباد جونیل ہوم میں اسٹاف گارڈ کی جانب سے تین کمسن لڑکیوں کے جنسی استحصال کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں پولیس نے رحمن کو گرفتار کیا تھا ۔