کم عمر میں شادی کروانے والوں کو ایک لاکھ جرمانہ اور دو سال کی سزا

   

شی ٹیم کو ایکٹیوا موٹر بائیک کی اجرائی ، کمشنر پولیس راچہ کنڈہ مہیش بھگوت کا خطاب
حیدرآباد :۔ کم عمر میں شادی کروانے والوں کو ایک لاکھ روپئے جرمانہ اور 2 سال کی سزا دلائی جائے گی ۔ یہ بات کمشنر پولیس راچہ کنڈہ مسٹر مہیش بھگوت نے بتائی جو آج یہاں ایل بی نگر کیمپ آفس میں میڈیا کو مخاطب تھے ۔ اس موقع پر انہوں نے شی ٹیم کے لیے ایکٹیوا موٹر بائیک کو جاری کیا ۔ اور شی ٹیم اراکین میں تقسیم کی گئیں گاڑیوں کو ہری جھنڈی دکھائی ۔ انہوں نے اس موقع پر ایک ایمبولنس کو بھی جاری کیا ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ سیف سٹی پراجکٹ کے تحت شہر حیدرآباد کو مرکز کی جانب سے گرانٹ منظور کئے گئے ہیں ۔ وزیر داخلہ محمود علی نے گوشہ محل کے ایک پروگرام میں ان موٹر گاڑیوں کو راچہ کنڈہ کمشنریٹ کے لیے مختص کیا تھا اور آج ان کی تقسیم اور شی ٹیم اراکین کو حوالگی عمل میں لائی گئی ۔ 16 موٹر سیکلوں ( ایکٹیوا ) گاڑیاں شی ٹیم اراکین میں دی گئیں جس کی مدد سے خدمات میں مزید بہتری پیدا ہوگی اور جلد از جلد ردعمل ظاہر کرنے میں یہ سہولت معاون و مددگار ثابت ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ راچہ کنڈہ کمشنریٹ کا قیام 2016 سے شی ٹیم کارکرد ہے اور ڈی سی پی سلیمہ کی نگرانی میں بہترین نتائج حاصل ہورہے ہیں ۔ انہوں نے سابقہ کارروائیوں کا حوالہ دیا اور کہا کہ گذشتہ ہفتہ کم عمر میں شادی کے تین واقعات کو ناکام بنایا گیا ۔ انہوں نے کم عمر لڑکا ہو یا لڑکی کی شادی کروانے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ موٹر سیکلوں سے چھیڑ چھاڑ ، حقوق کی تلافی ، ہراسانی ، اذیت رسانی ، کام کے مقامات پر پریشان ایسے کسی بھی شکایت پر فوری ردعمل ظاہر ہوگا ۔ اس موقع پر دیگر عہدیداران موجود تھے ۔۔