کم قیمت پر اراضی فراہمی کا جھانسہ دے کر لوٹنے والی ٹولی بے نقاب

   

دو افراد گرفتار ، نقلی سرٹیفیکٹس کی تیاری کا انکشاف
حیدرآباد ۔ 10 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : ایک لاکھ روپئے میں 5 ایکڑ اراضی فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپئے لوٹنے والی دھوکہ باز ٹولی کو ابراہیم پٹنم پولیس نے بے نقاب کردیا اور دو افراد کو گرفتار کرلیا ۔ جو بھودان اراضی کا نقلی سرٹیفیکٹ تیار کرتے ہوئے عوام کو لوٹ رہے تھے ۔ اسپیشل آپریشن ٹیم اور ابراہیم پٹنم پولیس نے ایک زیراکس سنٹر پر دھاوا کرتے ہوئے سازش کو بے نقاب کردیا ۔ پولیس نے سری سیلم اور لنگیا کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ۔ جو ایک لاکھ روپئے میں 5 ایکڑ بھودان اراضی کا سرٹیفیکٹ دے رہے تھے ۔ اس نقلی سرٹیفیکٹ کے ذریعہ پاس بک فراہم کرنے کا انہیں جھانسہ دیا جارہا تھا ۔ ابراہیم پٹنم سرکل انسپکٹر راما کرشنا نے بتایا کہ ان دونوں کے خلاف میر پیٹ اور ادی بٹلہ پولیس اسٹیشن میں مقدمات درج ہیں ۔ ابراہیم پٹنم حدود میں ایک زیراکس سنٹر سے یہ سازش تیار کی جارہی تھی ۔ بے زمین اور اراضی کے خواہش مند افراد کو اراضی فراہم کرنے کا جھانسہ دیا جارہا تھا ۔ ایم آر او اور وی آر او کی دستخط کو اسکیان کرتے ہوئے نقلی سرٹیفیکٹ تیار کیا جاتا اور رقم لینے کے بعد سرٹیفیکٹ فراہم کیا جارہا تھا ۔ اس نقلی سرٹیفیکٹ کی آڑ میں اراضی پر حق جتانے اور پاس بک فراہم کرنے کا دھوکہ دیا جارہا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ اس ٹولی کی کارستانیوں پر تفصیلی تحقیقات جاری ہیں ۔۔ ع