پراجکٹ رپورٹ کی تیاری کے ٹنڈرس کی 11 نومبر کو کشادگی
حیدرآباد۔4۔نومبر۔(سیاست نیوز) تاریخی چارمینار کے دامن میں موجود تہذیبی ورثہ کے تحفظ اور آہک پاشی کے سلسلہ میں کئے گئے فیصلہ کے مطابق قلی قطب شاہ ارب ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے کمان سحر باطل کی تزئین نو اور آہک پاشی کا فیصلہ کیا ہے جو کہ طویل مدت سے نظر انداز کی گئی تھی۔ کمان سحر باطل کی تزئین و آہک پاشی کے سلسلہ میں تفصیلی پراجکٹ رپورٹ کی تیاری کے لئے طلب کئے گئے ٹنڈر کے مطابق 11 نومبر کو سہ پہر 3:30 تک ٹنڈر طلب کئے جائیں گے اور 4 بجے ٹنڈر اکٹھا کرنے کے بعد 4:30 بجے شام ٹنڈر کی کشادگی عمل میں لائی جائے گی تاکہ اس پراجکٹ کی تفصیلی رپورٹ تیار کرنے کی اہل کمپنی کو یہ ذمہ داری تفویض کی جاسکے۔400 سالہ قدیم اس کمان سحر باطل کی تزئین و آہک پاشی کے سلسلہ میں حکومت تلنگانہ کی جانب سے 2019 سے کوششیں کی جار ہی ہیں لیکن گلزار حوض سے مٹی کا شیر جانے والے راستہ پر موجود اس قدیم تہذیبی ورثہ کے تحفظ اور آہک پاشی کے سلسلہ میں اقدامات کو یقینی بنانے میں جو دشواریاں آرہی ہیں انہیں دور کرنے کے سلسلہ میں متعلقہ محکمہ جات کی عدم دلچسپی کے نتیجہ میں دوسری مرتبہ تفصیلی پراجکٹ رپورٹ کی تیاری کے لئے ٹنڈر طلب کیاگیا ہے۔ حکومت تلنگانہ نے سال 2021 میں کالی کمان کے علاوہ مچھلی کمان کی تزئین نو اور آہک پاشی کے کاموں کو مکمل کیا تھا لیکن تاریخی عمارتوں کے تحفظ کے لئے جدوجہد کرنے والوں کی جانب سے کالی کمان ‘ مچھلی کمان اور چارکمان کی تزئین نو اور آہک پاشی کے انداز کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ تاریخی و تہذیبی ورثہ کو بغیر کسی تحقیق کے محض رنگ و روغن اور معمولی مرمت کے ذریعہ خوبصورت بنانے کی کوشش کی گئی ہے ۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے کئے جانے والے ان اقدامات کے دوران بھی کمان سحر باطل کی مرمت ‘ تزئین نو اور آہک پاشی کے لئے اقدامات کا آغاز کرنے کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے اس کمان کو مزید بہتر انداز میں مکمل کرنے کی منصوبہ بندی کے ساتھ تفصیلی پراجکٹ رپورٹ کی تیاری کے لئے ٹنڈر طلب کئے گئے تھے لیکن کسی بھی کمپنی کی جانب سے ٹنڈر داخل نہ کئے جانے کے سبب اس کمان کے مرمتی کام جوں کے توں زیر التواء رہے اور اب قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے ’کمان سحر باطل‘ کی تزئین نو اور آہک پاشی کے سلسلہ میں دوبارہ ٹنڈر طلب کیا ہے تاکہ تفصیلی پراجکٹ رپورٹ کے حصول کے بعد اس تاریخی کمان کے تحفظ کے لئے اقدامات کا آغاز کیا جاسکے۔3