کمانڈنٹ گنگارام کی سرکاری اعزازات کے ساتھ آخری رسومات

   

نظام آباد: 12/ مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرسلہ ضلع میں لفٹ حادثے میں 17ویں بٹالین کمانڈنٹ گنگا رام حادثاتی طور پر جاں بحق ہونے سے ان کے آبائی مقام نظام آباد،ضلع کے کوٹگیری منڈل کے سددولم دیہات میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ گنگا رام جو ایک عام کسان کے خاندان میں پیدا ہوئے تھے اپنی محنت اور لگن سے ترقی کرتے ہوئے 17ویں بٹالین کے کمانڈنٹ کے عہدہ تک پہنچے تھے۔دو دن پہلے وہ اپنے گھر آئے تھے اور پھر واپس گئے لیکن بدقسمتی سے لفٹ حادثے میں ان کی موت واقع ہوگئی جس سے ان کے افراد خاندان اور دوست احباب دیہات تعلق رکھنے والے افراد رنج و غم کا اظہار کیا۔ وہ اپنے دوست کے گھر گئے تھے اور جب لفٹ میں سوار ہونے لگے تو تیسرے منزل سے نیچے گر گئے۔ اس دوران لفٹ بھی ان پر گر گئی جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا جا رہا تھالیکن وہ راستے میں ہی جانبر نہ ہوسکے ۔ ان کی میت دوپہر کے وقت آبائی مقام سددولم گاؤں لائی گئی۔ ایڈیشنل ڈی جی سنجے کمار جین بھی سددولم گاؤں پہنچے اور گنگا رام کی میت کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کمانڈنٹ کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور ان کے اہل خانہ کو دلاسہ دیا۔ بعد ازاں، سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔ پولیس کی جانب سے تین راؤنڈ فائرنگ کر کے انہیں سلامی دی گئی اس سے قبل چیف سیکوریٹی آفیسر سکریٹریٹ کی حیثیت سے بھی خدمت انجام دی تھی۔ان کی وفات پر رکن قانون ساز کونسل کے کویتا کے علاوہ کئی افراد نے اظہار تعزیت کیا۔ آخری رسومات میں کئی پولیس افسران، اہلکار، عوامی نمائندے اور مقامی افراد شریک تھے۔ گنگا رام حیدرآباد میں مقیم تھے۔ ان کے پسماندگان میں بیوی ریکھا، بیٹا ستیش کمار اور دو بیٹیاں گوتھمی اور مینل شامل ہیں۔