کمزور طبقات کے قائد کو صدر پردیش کانگریس مقرر کیا جائے

   

Ferty9 Clinic


پکوان گیس کے مسئلہ پر بنڈی سنجے خاموش کیوں ؟ وی ہنمنت راؤ کا سوال
حیدرآباد: سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے پارٹی ہائی کمان سے مطالبہ کیا کہ کمزور طبقات سے تعلق رکھنے والے قائد کو پردیش کانگریس کی صدارت پر فائز کیا جائے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ اعلیٰ طبقات سے تعلق رکھنے والے تین صدور پردیش کانگریس پارٹی کو برسر اقتدار لانے میں ناکام ثابت ہوئے۔ بی سی طبقہ کے ڈی سرینواس کی قیادت میں پارٹی دو مرتبہ برسر اقتدار آئی۔ تلنگانہ میں کمزور طبقات کی آبادی تقریباً 80 فیصد ہے جن میں ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیت شامل ہیں۔ کانگریس کو ان طبقات کی تائید حاصل کرنے کے لئے ان میں سے کسی ایک طبقہ کو صدارت پر فائز کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ بی سی ، ایس سی یا اقلیت کے قائد کو پردیش کانگریس کا صدر بنانے پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا ۔ انچارج جنرل سکریٹری مانکیم ٹیگور سے اس بارے میں نمائندگی کی جاچکی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ہنمنت راؤ نے کہا کہ ہائی کمان کا فیصلہ قبول کریں گے۔ انہوں نے بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے کو مشورہ دیا کہ پکوان گیاس کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف مرکز سے نمائندگی کریں۔ بنڈی سنجے ہر مسئلہ پر بیان بازی کر رہے ہیں لیکن غریب اور متوسط طبقات پر بوجھ بننے والے مسائل پر خاموش ہیں۔ ایک ماہ میں پکوان گیاس پر 100 روپئے کا اضافہ ہوچکا ہے لیکن بی جے پی کے ریاستی صدر اور دیگر قائدین کو عوام کی کوئی فکر نہیں ہے ۔ یہ مسئلہ خالص عوام کا ہے ، لہذا بی جے پی قائدین کو وزیراعظم سے نمائندگی کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کسانوں کے احتجاج سے اظہار یگانگت کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر سے مطالبہ کیا کہ اسمبلی میں قرارداد منظور کرتے ہوئے مرکزی قوانین کی مخالفت کریں۔ انہوں نے کہا کہ دھرانی پورٹل میں کئی خامیاں ہیں جس کے نتیجہ میں رجسٹریشن کا عمل متاثر ہوچکا ہے ۔