چادر گھاٹ حدود میں واقعہ ،رشتہ داروں کی شکایت پر پولیس کارروائی
حیدرآباد /6 مئی ( سیاست نیوز ) چادرگھاٹ پولیس نے کم عمر دلت لڑکی کی عصمت ریزی میں مبینہ طور پر ملوث ایک مجلسی کارکن کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ شکیل خان ساکن کمل نگر ، چادرگھاٹ نے اسی علاقہ کی ساکن 16 سالہ لڑکی سے دوستی کی اور بعد ازاں اس کی عصمت ریزی کی ۔ پولیس نے بتایا کہ کم عمر لڑکی اپنے چچا کے گھر میں رہتی تھی اور شکیل خان نے اس کے مکان میں داخل ہوکر یہ گھناؤنی حرکت کی ۔ لڑکی کے رشتہ داروں نے چادرگھاٹ پولیس کو اس سلسلے میں آگاہ کیا جس پر پولیس فوری حرکت میں آکر شکیل کو حراست میں لے لیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ تفتیش کے دوران شکیل خان نے لڑکی کے ساتھ کی گئی گھیناؤنی حرکت کا خلاصہ کیا۔ چادرگھاٹ پولیس نے شکیل خان کے خلاف تعزیرات ہند کے دفعہ 376 (عصمت ریزی ) پوکسو ایکٹ اور ایس سی ایس ٹی ایکٹ کے تحت بھی ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے متعلقہ مجسٹریٹ کے روبرو پیش کردیا اور بعد ازاں اسے عدالتی تحویل میں دے دیا گیا ۔ انسپکٹر چادرگھاٹ پولیس اسٹیشن پی ستیش نے بتایا کہ کم عمر لڑکی کی شکایت پر شکیل کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے اور متاثرہ لڑکی کو طبی معائنہ کیلئے سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔ اس سلسلے میں ڈی سی پی ایسٹ زون ایم رمیش نے بھی گرفتاری کی توثیق کی اور میڈیا کو اس سلسلے میں تفصیلات بتائے ۔