کسی نئے عہدے کی ذمہ داری نہ دینے سے سرکاری و سیاسی حلقوں میں اُلجھن
حیدرآباد 29 جنوری (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے کمشنر کا تبادلہ سیاسی و سرکاری حلقوں میں موضوع بحث بن گیا ہے۔ کل اچانک تبادلہ کے احکامات کے بعد بیرون ملک دورے پر رہنے والے کمشنر جناردھن ریڈی آج سکریٹریٹ میں نمودار ہوگئے اور چیف سکریٹری سے ان کی ملاقات کی کوشش بھی ناکام رہی چونکہ وہ دستیاب نہیں تھے۔ تاہم انھوں نے چیف منسٹر کے خصوصی سکریٹری نرسنگ راؤ سے ملاقات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ ایچ ایم ڈی اے کمشنر کی حیثیت سے جناردھن ریڈی کا تبادلہ کرنے کے بعد انھیں کسی بھی عہدے کی ذمہ داری کا نہ دیا جانا تعجب اور بحث کا سبب بنا ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق بیرونی دورے پر موجود جناردھن ریڈی کل رات حیدرآباد پہونچ گئے تاہم ان کی حیدرآباد واپسی سے چند گھنٹے قبل ہی جی او جاری کردیا گیا۔ اس اقدام کے تعلق سے مختلف گوشوں میں مختلف تبصرے کئے جارہے ہیں۔ جناردھن ریڈی کا تبادلہ ان کے خلاف کارروائی تصور کیا جارہا ہے تو کسی گوشہ میں انھیں مزید بڑی ذمہ داری دیئے جانے کے لئے حکومت کا اقدام مانا جارہا ہے۔ تاہم اس بات پر بہت زیادہ تبصرے کئے جارہے ہیں کہ ایچ ایم ڈی اے جیسے اہم شعبے میں جناردھن ریڈی کی موجودگی چند افراد کو پسند نہیں تھی۔ اپنے اختیارات کا استعمال اور من مانی اقدامات کے لئے جناردھن ریڈی رکاوٹ تھے۔ اور کوکاپیٹ میں اراضیات کے الاٹمنٹ میں پیدا شدہ تنازعہ کے درمیان ہی ان کا تبادلہ کیا گیا۔ فی الحال 4000 کروڑ سے زائد قیمت والی ان اراضیات کو چند افراد اس کی نصف قیمت میں حاصل کرنا چاہتے ہیں اور ان کے اس منصوبہ میں جناردھن ریڈی سب سے بڑی رکاوٹ تھے اور تبادلہ کو اصل وجہ ہی ان کی موجودگی بتائی جارہی ہے۔