کمشنر جی ایچ ایم سی اور دیگر عہدیداروں کو ہائی کورٹ کی نوٹس

   

تحقیر عدالت کے مقدمہ میں جسٹس ابھیشک ریڈی کی کارروائی
حیدرآباد۔/3 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کے جسٹس اے ابھیشک ریڈی نے کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار، کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار اور دیگر عہدیداروں کو نوٹس جاری کی ہے۔ بنجارہ ہلز میں ایک جائیداد کے مالک کی جانب سے دائر کردہ توہین عدالت کے مقدمہ میں یہ نوٹس جاری کی گئی۔ جسٹس ابھیشک ریڈی نے خیریت آباد زونل کمشنر جی ایچ ایم سی پروینیا اور اسسٹنٹ سٹی پلانر راجکمار کو فارم 1 نوٹسیں جاری کرتے ہوئے 31 اگسٹ کو حاضر عدالت ہونے کی ہدایت دی ہے۔ ان عہدیداروں کو تمام سماعت کے موقع پر موجود رہنے کیلئے کہا گیا ہے۔ عدالت نے ویسٹ زون ڈپٹی کمشنر پولیس اے آر سرینواس، ملک پیٹ اے سی پی این سدرشن اور انسپکٹر بنجارہ ہلز پی شیوا چندرا کو جائیداد کے مالکین کی درخواست پر نوٹس جاری کی گئی۔ معزز جج نے عدالت کے احکامات کے باوجود انہدامی کارروائی پر ردعمل کا اظہار کیا۔ درخواست گذار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عدالت نے سابق میں پلاٹ کی فینسنگ کی اجازت دی تھی تاکہ غیر مجاز قبضوں سے بچایا جاسکے۔ اس اراضی سے متعلق معاملہ کی سپریم کورٹ میں بھی سماعت ہوئی جس نے جوں کا توں موقف برقرار رکھنے کی ریاستی حکومت اور درخواست گذار کو ہدایت دی تھی لیکن جی ایچ ایم سی نے پولیس کی مدد سے انہدامی کارروائی کی جو غیر قانونی اور عدالت کی توہین کے مترادف ہے۔