حیدرآباد۔ 21 ڈسمبر (سیاست نیوز) حیڈرا کمشنر اے وی رنگناتھ کے گن مین کرشنا چیتنیہ نے خود پر گولی چلاتے ہوئے خودکشی کی کوشش کی۔ اہل خانہ نے اسے ایل بی نگر کامینینی دواخانہ منتقل کیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ اطلاع ملتے ہی حیڈرا کمشنر رنگناتھ دواخانہ پہنچے اور کرشنا کی حالت کے متعلق ڈاکٹروں سے معلومات حاصل کی۔ گن مین کرشنا کی حالت ڈاکٹروں نے نازک بتائی ہے۔ اقدام خودکشی کی وجہ مالی پریشانیاں بتائی جارہی ہیں۔ کرشنا جو گزشتہ کئی ماہ سے بیٹنگ ایپس اور گیمنگ ایپس کی وجہ سے مالی پریشانیوں میں پھنس گیا تھا، قرضوں کی وجہ سے تنخواہ کا ایک بڑا حصہ کٹ رہا تھا جس کی وجہ سے اس کی مالی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہوگیا تھا۔ جس کے بعد خاندانی جھگڑں کی وجہ سے اس نے تین ماہ قبل گھر چھوڑ دیا تھا۔ مالی پریشانی کی وجہ سے اس نے یہ اقدام اٹھایا ہے، اس کی سرجری کی جارہی ہے۔ حیڈرا کمشنر نے اُمید ظاہر کی کہ وہ بعد سرجری بہت جل صحت یاب ہوجائے گا۔ (ش)
