حیدرآباد ۔ 8 اپریل ۔ ( سیاست نیوز) کمشنر پولیس راچہ کنڈہ نے آج ایس ایس سی امتحانی مراکز کا دورہ کیا ۔ پرچہ سوالات کے افشاء کے واقعات کے بعد پولیس کی جانب سے امتحانی مراکز پر غیرمعمولی احتیاط برتا جارہا ہے ۔ کمشنر پولیس نے امتحانی مراکز کے قریب انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا کو بتایا کہ امتحانی مراکز میں غیرمعمولی چوکسی اختیار کی جارہی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ امتحان ہال میں سیل فون لیجانے کی عملہ کو بھی اجازت نہیں ہے اور پولیس عہدیدار جو ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں اُنھیں بھی امتحان میں سیل فون کے ساتھ داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔ انھوں نے بتایا کہ راچہ کنڈہ حدود میں 14 امتحانی مراکز پائے جاتے ہیں اور تمام تر احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انھوں نے طلبہ اور اولیائے طلبہ سے کہاکہ سخت اقدامات طلبہ کے مستقل اور ان کے حق میں بہتر ثابت ہوں گے جس سے ہونہار طلبہ کے ساتھ انصاف ہوگا ۔