ٹولی چوکی اور لنگر حوض پولیس اسٹیشنوں کے حدود میںروڈی شیٹر س کے مکانات بھی گئے
حیدرآباد 24 نومبر (سیاست نیوز) پولیس کمشنر حیدرآباد وی سی سجنار نے گذشتہ شب ساوتھ ویسٹ زون میں رات دیر گئے خود گشت کرتے ہوئے پولیسنگ کا جائزہ لیا اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے اقدامات کا مشاہدہ کیا۔ بغیر کسی سائرن یا پیشگی اطلاع کے انہوں نے شخصی طور پر لنگر ہاؤس پولیس اسٹیشن کے حدود میں ایم ڈی لائنز، ہاشم نگر اور ڈیفنس کالونی علاقوں میں چند روڈی شیٹرس کے مکانات کا دورہ کیا۔ انہوں نے ان روڈی شیٹرس کے سابقہ رویے، موجودہ پیشے اور طرزِ زندگی کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور انتباہ دیا کہ اگر وہ دوبارہ جرائم کی راہ اختیار کریں گے تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ کمشنر پولیس نے رات 12 بجے سے صبح 3 بجے تک لنگر ہاؤس اور ٹولی چوکی پولیس اسٹیشنوں کے حدود میں اہم سڑکوں، چوراہوں اور حساس مقامات کا بھی معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے ٹولی چوکی کے علاقے میں موجود ہوٹلوں، دکانوں اور دیر رات کھلے رہنے والے تجارتی مراکز کا بھی جائزہ لیا اور مالکان کو مقررہ اوقات سے زائد کاروبار نہ کرنے کی ہدایت دی۔ گشت کے دوران کمشنر پولیس نے گشتی عملے اور ڈیوٹی پر موجود پولیس عہدیداران سے بات چیت کی، ان کے گشت پوائنٹس، رسپانس ٹائم اور مسائل کے حل کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ ٹولی چوکی پولیس اسٹیشن میں انہوں نے جنرل ڈائری، نائٹ انٹریز، ڈیوٹی روسٹر اور حاضری رجسٹر کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر وی سی سجنار نے کہا کہ اس نوعیت کے اچانک معائنے ’عوامی فلاحی پولیسنگ‘ کے تحت نائٹ پولیسنگ کو مزید مؤثر بنانے اور پولیس خدمات میں بہتری کیلئے عمل کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان فیلڈ وزٹس کا مقصد احتساب کو مضبوط بنانا، رسپانس میں بہتری لانا اور رات کے اوقات میں شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے تمام عہدیداران اور دیگر عملہ کو ہدایت دی کہ وہ چوکس رہیں، عوامی مقامات پر نمایاں پولیسنگ برقرار رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری رسپانس کو یقینی بنائیں تاکہ حیدرآباد کی سلامتی اور عوام کا اعتماد برقرار رہے۔ب