کملا ہیرس کو حالات بہتر ہونے پر ہندوستان آنے کی دعوت

   

نئی دہلی : دنیا کورونا وائرس وبا سے مل کر مقابلہ کررہی ہے۔ ٹیکہ اس لڑائی میں اہم ہتھیار ہے۔ تمام ممالک اپنے اپنے ملکوں میں ٹیکہ کاری مہم پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور ٹیکے کی سپلائی کو یقینی بنانے کیلئے اقدام بھی کئے جارہے ہیں۔ اس لڑائی میں دنیا بھر کے ممالک ایک دوسرے کی مدد کررہے ہیں۔ اس سلسلہ میں وزیراعظم نریندر مودی اور امریکی نائب صدر کملا ہیرس کی گزشتہ روز فون پر بات ہوئی۔ کملا نے عالمی سطح پر ویکسینیشن میں تعاون کے تحت ہندوستان سمیت دیگر ملکوں کو ویکسین کی سپلائی کے امریکہ کے منصوبے سے واقف کرایا۔ وزیراعظم مودی نے امریکہ کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا۔ وزیراعظم مودی نے اْمید ظاہر کی کہ حالات بہتر ہونے کے بعد کملا ہیرس ہندوستان کے دورے پر آئیں گی۔ مودی کے علاوہ کملا نے میکسیکو کے صدر آندرس مینوئل لوپیز اوبریڈور ، گوئٹے مالا کے صدر الیجینڈرو گیامتی اور کیریبین برادری کے صدر وزیر اعظم کیتھ راولے سے بھی گفتگو کی ہے۔