کمیکل کو بہانے کے دوران دھماکہ، ایک شخص ہلاک ، دوسرا زخمی

   

حیدرآباد۔/12 جون، ( سیاست نیوز) افضل گنج کے علاقہ مہاراج گنج میں آج اس وقت سنسنی پھیل گئی جب کیمیکل کے دھماکہ میں ایک شخص برسر موقع ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق 32 سالہ بی بھرت جو کیمیکل کا تاجر تھا اس نے اپنے مکان واقع مہاراج گنج میں کیمیکل کا اسٹاک رکھا تھا۔ اس نے آج صبح کیمیکل کی مدت ختم ہونے والی اشیاء کو گودام سے باہر نکال کر مکان کے سامنے موجود ایک مین ہول میں ڈال دیا اور اسے بہانے کیلئے اس نے پانی کا استعمال کیا اسی دوران ایک زبردست دھماکہ ہوا اور بھرت دوسری منزل کی اونچائی تک اوچھل کر نیچے گرپڑا۔ اس واقعہ میں اس کی برسر موقع موت واقع ہوگئی اور وہاں پر موجود اس کا باپ وینو گوپال بھی شدید زخمی ہوگیا۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور علاقہ میں موجود موٹر سیکلوں کو بھی کافی نقصان ہوا۔ دھماکہ کی اطلاع پر افضل گنج پولیس سے وابستہ ایک ٹیم وہاں پہنچ گئی اور سراغ رسانی دستہ کلوز ٹیم کو بھی طلب کرلیا گیا۔ پولیس نے نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا گیا جبکہ مقتول کے باپ کو دواخانہ میں شریک کروایا۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ب