کے ٹی آر نے مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے بحال کرنے کا مطالبہ کیا
حیدرآباد۔/16 مارچ، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ و ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ نے مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے سکندرآباد کنٹونمنٹ کے حدود میں خارج کردہ 35 ہزار ووٹوں کو دوبارہ فہرست رائے دہندگان میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ محکمہ دفاع کی اراضی پر غیر مجاز طریقہ سے قیام پذیر رہنے کا بہانہ کرتے ہوئے فہرست رائے دہندگان سے 35 ہزار ووٹوں کو خارج کردینے پر حیرت کا اظہار کیا۔ یہ اقدام کنٹونمنٹ بورڈ کے حدود میں مستقل طور پر قیام پذیر رہنے والے سینکڑوں خاندانوں کے بنیادی حقوق کو سلب کرنے کے مترادف ہے ۔ فہرست رائے دہندگان سے ناموں کا اخراج کرنے سے قبل رائے دہندوں کو نوٹس جاری نہ کرنے کی بھی سخت مذمت کی۔ محکمہ دفاع کا یہ اقدام تلنگانہ میں مقیم شہریوں کی شہریت پر سوال اٹھانے کے مترادف ہے۔ دستور نے شہریوں کو ووٹ دینے کا جو حق دیا ہے انہیں اس سے محروم کرنے کی کسی کو اجازت نہیں ہے۔ عدلیہ اور کنٹونمنٹ بورڈ نے کبھی یہ نہیں کہا کہ یہ لوگ غیرقانونی طور پر مقیم ہیں۔ ذمہ دار شہریوں کی طرح یہ لوگ کنٹونمنٹ بورڈ، محکمہ برقی، واٹر سپلائی بورڈ کو باقاعدہ ٹیکس ادا کررہے ہیں۔ ماضی میں یہ لوگ کنٹونمنٹ بورڈ کے علاوہ اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں بھی حق رائے دہی سے استفادہ کرچکے ہیں۔ فی الحال یکطرفہ فیصلہ کرتے ہوئے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات سے عین قبل ان کے ووٹوں کو خارج کردیا گیا ہے۔ سال 2018 میں 1,91,849 لاکھ ووٹ تھے، اس کی تعداد اب گھٹ کر 1,32,722 کو پہنچ گئی ہے۔ مرکزی حکومت اس معاملہ میں فوری مداخلت کرے اور خارج شدہ 35 ہزار ووٹوں کو دوبارہ فہرست رائے دہندگان میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔ ن