کنٹونمنٹ کی ترقی کیلئے زیرالتواء 1000 کروڑ فوری جاری کریں

   

ریاستی وزیر پونم پربھاکر کی مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سے نمائندگی
حیدرآباد 3 اکٹوبر (سیاست نیوز) حیدرآباد کے انچارج وزیر پونم پربھاکر نے مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سے ملاقات کرتے ہوئے اُنھیں ایک یادداشت پیش کی۔ کنٹونمنٹ کی ترقی کے لئے مرکزی حکومت کی جانب سے ریاستی حکومت کو ادا کئے جانے والے زیرالتواء 1000 کروڑ روپئے فوری جاری کرنے کی اپیل کی۔ مرکزی وزیر دفاع ایک پروگرام میں شرکت کے لئے حیدرآباد پہونچے۔ ایرپورٹ پر خیرمقدم کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے میئر حیدرآباد جی وجیہ لکشمی، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو، کنٹونمنٹ سکندرآباد کے رکن اسمبلی گنیش کی دستخطوں پر مشتمل ایک یادداشت مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کو پیش کی۔ انھوں نے مرکزی وزیر سے کہاکہ جلد سے جلد زیرالتواء فنڈس جاری کئے جاتے ہیں تو کنٹونمنٹ کی ترقی میں معاون و مددگار ثابت ہوں گے، عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کی جاسکیں گی۔ ریاستی حکومت کی جانب سے کنٹونمنٹ کی ترقی کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اگر مرکزی حکومت ترقی میں تعاون کرتی ہے تو عوام کی فلاح و بہبود ہوگی اور ساتھ ہی عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کی جاسکیں گی۔ اُنھوں نے کہاکہ محکمہ دفاع کی بعض اراضیات حوالہ کرنے کی ریاستی حکومت مرکزی حکومت سے پہلے ہی نمائندگی کرچکی ہے۔ مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اگر اِس میں دلچسپی لیتے ہیں تو ترقیاتی اقدامات میں تیزی پیدا ہوگی۔ پونم پربھاکر نے کہاکہ حیدرآباد ملک کے دیگر شہروں میں تیزی سے ترقی کرنے والا شہر ہے۔ حیدرآباد اور سکندرآباد کے عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے محکمہ دفاع کی اراضیات ضروری ہے۔ اگر اس کو حوالہ کیا جاتا ہے تو مزید ترقی ہوگی۔ مرکزی حکومت نے اراضی حوالہ کرنے سے اتفاق کیا ہے لیکن اِس پر ہنوز کوئی کارروائی آگے نہیں بڑھ سکی لہذا وہ چاہتے ہیں کہ جلد سے جلد اراضی ریاستی حکومت کے حوالہ کی جائے۔ پونم پربھاکر نے کہاکہ تلنگانہ حکومت شہر حیدرآباد کو ترقی دینے کے ساتھ عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے خصوصی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے آگے بڑھ رہی ہے۔ اِس میں مرکزی حکومت کا تعاون بیحد ضروری ہے۔ کنٹونمنٹ کے انتخابات کرانے کیلئے بھی محکمہ دفاع ضروری اقدامات کرے۔2