’’کنپا‘‘ فلم کی وی ایف ایکس ہارڈ ڈرائیو لاپتہ

   

حیدرآباد:فلمی دنیا میں ایک غیر معمولی واقعہ اس وقت سامنے آیا جب تیلگو فلم انڈسٹری کی بڑی بجٹ میتھولوجیکل فلم ”کناپا” کے وی ایف ایکس ڈیٹا سے بھرپور ہارڈ ڈرائیو پراسرار طور پر غائب ہو گئی۔ اس ہارڈ ڈرائیو میں فلم کے اہم بصری اثرات (VFX) اور پوسٹ پروڈکشن کا قیمتی مواد محفوظ تھا۔فلم کی پروڈکشن ٹیم نے فوری طور پر حیدرآباد کے مقامی پولیس اسٹیشن میں رپورٹ درج کروائی ہے۔ ابتدائی تحقیقات جاری ہیں اور فلمی دنیا میں یہ خبر موضوعِ گفتگو بنی ہوئی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ واقعہ اندرونی لاپرواہی یا دانستہ چوری کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔’کناپا‘ عقیدت، تخیل اور بڑے ستاروں کا سنگم ہے۔”کناپا‘‘ فلم کو نہ صرف جنوبی ہند بلکہ پورے ملک میں بے چینی سے انتظار کیا جا رہا ہے۔ یہ فلم ہندو متھولوجی کے معروف شخصیت ”شری کانپا نایانر” کی زندگی پر مبنی ہے۔فلم میں وشنو منچو (ہیرو و پروڈیوسر)اکشے کمار (شیو بھگوان کے روپ میں) پربھاس، موہن لال، موہن بابو بھی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔”کناپا” کو پانچ زبانوں — تیلگو، ہندی، تمل، کنڑ، اور ملیالم — میں بیک وقت ریلیز کیا جائے گا۔ فلم کی متوقع ریلیز تاریخ 27 جون 2025 ہے۔پروڈکشن ٹیم پروڈیوسر وشنو منچو نے میڈیا سے گفتگو میں اس واقعہ پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا:”یہ فلم ہمارے لیے صرف ایک پروجیکٹ نہیں بلکہ ایک عقیدتی مشن ہے۔ ہم اس غیر متوقع واقعے پر دل گرفتہ ہیں، مگر پر امید ہیں کہ پولیس تحقیقات سے جلد ہارڈ ڈرائیو بازیاب ہو جائے گی اور فلم کی ریلیز متاثر نہیں ہوگی۔”اس مسئلے پرفلم بینوں میں بھی تشویش پائی جارہی ہے۔شائقین فلم کو لے کر پرجوش ضرور ہیں، لیکن وی ایف ایکس ڈیٹا کی چوری نے ریلیز پر خدشات پیدا کر دیے ہیں۔ کچھ حلقوں میں یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ آیا یہ معاملہ صرف چوری ہے یا اندرونی بدنظمی کا نتیجہ۔