ریاض: سعودی عرب کے کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر نے دنیا کے مختلف حصوں پر محیط اپنے بڑے بین الاقوامی ریلیف اور انسانی ہمدردی کے کاموں کیلئے نیشنل کونسل آن یونائیٹڈ اسٹیٹس۔ عرب ریلیشنز (این سی یو ایس اے آر ) کی طرف سے پیش کیا گیا ایک نمایاں ایوارڈ جیت لیا۔ NCUSAR نے مرکز کو گلوبل ہیومینٹیرین اچیومنٹ ایوارڈ پیش کیا۔ یہ ایوارڈ سنٹر کے جنرل سوپروائزر ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے واشنگٹن ڈی سی میں نیشنل کونسل آن یو ایس عرب ریلیشنز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈیلانو روزویلٹ سے وصول کیا۔ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے ایک پریس بیان میں وضاحت کی کہ یہ ایوارڈ مملکت کی جانب سے امدادی کاموں کے شعبوں میں اپنے انسانی ہمدردانہ بازو کنگ سلمان ریلیف سنٹر کے ذریعہ ادا کیے گئے عظیم کردار کا بین الاقوامی اعتراف ہے۔ یہ ایوارڈ کنگ سلمان ریلیف سنٹر کے اس باوقار بین الاقوامی موقف کی عکاسی کرتا ہیکہ مملکت کو انسانی ہمدردی کے میدان میں ذمہ داری کا احساس ہے۔ مملکت نے مصیبت زدوں کی امداد، متاثرہ افراد کی مدد، ضرورتمندوں اور پناہ گزینوں کی مدد کو اپنے ذمہ لیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سعودی عرب انسانی ہمدردی کے کاموں کو اسی طرح جاری رکھے گا۔