کنگ کوٹھی پیالس کو قومی ورثہ قرار دینے کانگریس کا مطالبہ

   

غیر مجاز قابضین کے خلاف کارروائی کی جائے، جنرل سکریٹری ونود ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔22 ۔ اپریل (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری ونود ریڈی نے کنگ کوٹھی پیالس کی تاریخی عمارت کے تحفظ کیلئے اقدامات کرنے حکومت سے مطالبہ کیا ہے۔ ونود ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نواب میر عثمان علی خاں بہادر نے 1959 ء میں کنگ کوٹھی پیالس کی ہیریٹیج جائیداد مکرم جاہ بہادر کے حوالے کی تھی ۔ 1967 ء میں انتقال تک نواب میر عثمان علی خاں اسی پیالس میں مقیم رہے۔ حال ہی میں بعض خانگی اداروں کی جانب سے پیالس پر غیر قانونی قبضہ کی کوشش کی گئی۔ ونود ریڈی نے کہا کہ یہ جائیداد نصیر باغ ٹرسٹ کے تحت ہے۔ ٹرسٹ کی جانب سے جائیداد فروخت کی گئی یا نہیں اس بارے میں حکومت کو وضاحت کرنی چاہئے ۔ انہوں نے چیف منسٹر کے سی آر سے درخواست کی کہ اس تاریخی ہیریٹیج جائیداد کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات کریں ۔ کنگ کوٹھی پیالس کو غلط ہاتھوں میں جانے سے روکنے کی کوشش کی جائے کیونکہ چیف منسٹر نے تاریخی عمارتوں کے تحفظ کا وعدہ کیا ہے۔ ونود ریڈی نے کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند سے مطالبہ کیا کہ غیر قانونی طور پر مداخلت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین کو پیالس کے معائنہ کی اجازت دی جائے ۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے کنگ کوٹھی پیالس کو قومی ورثہ قرار دینے کا مطالبہ کیا تاکہ تحفظ ہو۔ انہوں نے کہا کہ یہ جائیداد تلنگانہ کے تین کروڑ عوام کا اثاثہ ہے اور نئی نسل کو اس تاریخی ورثہ کے بارے میں واقف کرانے کی ضرورت ہے۔ر