کنگ کوٹھی ہاسپٹل سے کورونا کے 88مریض غائب

   

ہاسپٹل میں سیکوریٹی کا انتظام ندارد ، ہم نے پولیس کو اطلاع دے دی ، سپرنٹنڈنٹ کا دعویٰ
حیدرآباد۔ کنگ کوٹھی گورنمنٹ ہاسپٹل میں زیر علاج کورونا کے مریض ڈاکٹرس ، نرسیس اور طبی عملہ کو اطلاع دیئے بغیر غائب ہو رہے ہیں ۔ تاحال 88 مریض لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔ یکم تا 18 اپریل کورونا ٹسٹ کیلئے کنگ کوٹھی ہاسپٹل سے 14,664 افراد رجوع ہوئے جن میں 1802 افراد ہاسپٹل میں شریک ہوئے اور 782 افراد صحتیابی کے بعد ڈسچارج ہوئے۔ 261 افراد کی موت ہوئی۔ 671 مریضوں میں چند ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں ، چند گاندھی ہاسپٹل اور چند خانگی ہاسپٹلس میں زیر علاج ہیں ماباقی 88 مریض علاج کے بغیر لاپتہ ہوگئے ۔ انکی ہاسپٹل عہدیداروں کے پاس کوئی تفصیلات نہیں ہیں۔ ہاسپٹل میں سیکورٹی کے مناسب انتظامات نہیں ہیں اور نہ ہی ہاسپٹل کے ڈاکٹرس اور طبی عملہ کی جانب سے زیر علاج مریضوں پر خصوصی نظر رکھی جارہی ہے جس کی وجہ سے ہر کوئی آسانی سے ہاسپٹل میں داخل ہورہا ہے اور مریض بھی بعیر کسی کو کچھ بتائے ہاسپٹل سے روانہ ہورہے ہیں۔ مریضوں کو ٹیاگ لگانے اور ان کے مددگاروں کیلئے پاسیس کی اجرائی منظم انتظام نہیں ہے۔ اس مسئلہ پر جب کنگ کوٹھی ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر راجندر ناتھ سے بات چیت کی گئی تو انہوں نے بتایا کہ چند مریض یہاں کے علاج سے مطمئن نہ ہوکر روانہ ہورہے ہیں۔ چند مریض بغیر اطلاع دیئے روانہ ہورہے ہیں۔ جیسے ہی ہمیں اس کی اطلاع مل رہی ہے ہم پولیس کو معلومات فراہم کررہے ہیں۔ ہاسپٹل میں سیکورٹی نظام کو مستحکم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔