عملہ کی قلت ، مریضوں کی کوئی نگرانی نہیں ، نارائن گوڑہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج
حیدرآباد :۔ کنگ کوٹھی ہاسپٹل میں زیر علاج کورونا کے مریض چائے ناشتہ کے لیے ہاسپٹل سے باہر نکل رہے ہیں ۔ جس سے کورونا وبا مزید تیزی سے پھیلنے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں ۔ ریاست میں کورونا کی دوسری لہر غضب ڈھا رہی ہے ۔ دن بہ دن کیسوں اور اموات میں اضافہ ہورہا ہے ۔ ان سنگین حالت میں کنگ کوٹھی میں زیر علاج کورونا کے مریض تھوڑا ٹھیک ہوتے ہی اپنے ساتھی دوسرے مریضوں کو ابھی آنے کا وعدہ کرتے ہاسپٹل سے باہر نکل رہے ہیں یا ہاسپٹل کے احاطے میں گھومنے پھرنے یا جھاڑوں کے نیچے ٹہلنے کا بہانہ کرتے ہوئے اپنے وارڈس سے باہر نکل رہے ہیں ۔ کورونا کے مریض ہاسپٹل سے باہر بھی نکل رہے ہیں ۔ اس کا اسٹاف کو علم بھی نہیں ہے ۔ ہاسپٹل میں مریضوں پر مناسب نگرانی نہ رکھنے کی وجہ سے ایسے واقعات پیش آرہے ہیں اور کورونا کے متاثرین پر من مانی کرنے کے الزامات عائد ہورہے ہیں ۔ کنگ کوٹھی ہاسپٹل میں جملہ 350 بیڈس ہیں جن میں 50 بیڈس آئی سی یو اور 33 وینٹی لیٹر کے بیڈس ہیں ۔ آئی سی یو میں مریضوں کی دیکھ بھال کے لیے ہر 5 بیڈس کو ایک ڈاکٹر کی ضرورت ہوتی ہے ۔ لیکن کنگ کوٹھی کے گورنمنٹ ہاسپٹل میں آئی سی یو اور وینٹی لیٹر بیڈس پر موجود مریضوں کی دیکھ بھال کے لیے ڈاکٹرس کی قلت ہے جس کی وجہ سے بھی ایسے واقعات پیش آرہے ہیں ۔ ہاسپٹل میں سپرنٹنڈنٹ ، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ ، نوڈل آفیسر کے ساتھ سینئیر و جونیر اور ڈیپٹیویشن پر کام کرنے والے ڈاکٹرس کی جملہ تعداد 28 ہے ۔ آر ٹی پی سی آر ٹسٹ سے ٹیکہ اندازی تک ڈاکٹرس خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ جس کی وجہ سے آئی سی یو میں اہم ذمہ داری ادا نہیں کر پا رہے ہیں ۔ ہاسپٹل میں اسٹاف نرسیس ، وارڈ بوائز ، چوتھے درجہ کے ملازمین کی قلت ہے جس کی وجہ سے کورونا کے متاثرین کی مناسب انداز میں دیکھ بھال نہیں ہورہی ہے ۔ جس کی وجہ سے کورونا کے متاثرین چائے ، کافی ، ٹفن کرنے کے لیے ہاسپٹل سے باہر نکل رہے ہیں ۔ سپرنٹنڈنٹ کنگ کوٹھی ہاسپٹل راجندر ناتھ نے بتایا کہ ایک کورونا مریض کے صبح 7 بجے ہاسپٹل سے روانہ ہو کر رات کو دوبارہ ہاسپٹل پہنچنے پر اس کی نارائن گوڑہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہاسپٹل میں سخت سیکوریٹی انتطامات پر توجہ دی جارہی ہے ۔۔