کے ٹی آر نے OpenAI کو حیدرآباد کا انتخاب کرنے کی دعوت دی

   

اوپن اے آئی کے سی ای او سام الٹ مین کا ہندوستان میں اپنے آپریشنز شروع کرنے کا اعلان
حیدرآباد ۔ 23 اگست (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے اوپن اے آئی کے سی ای او سام الٹ مین سے اپیل کی ہیکہ وہ حیدرآباد سے اپنے انڈیا کے آپریشنس شروع کریں۔ سام الٹ نے بہت جلد ہندوستان میں اپنے کاروبار شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کیلئے وہ اپنے دفتر کے قیام کیلئے بہت جلد ہندوستان کا دورہ کرنے کا بھی اعلان کیا، جس کے تناظر میں سابق وزیر آئی ٹی کے ٹی آر نے سوشل میڈیا پر ٹوئیٹ کرتے ہوئے اس فیصلہ کا خیرمقدم کیا اور حیدرآباد میں اپنا دفتر قائم کرنے کا سام الٹ مین سے مطالبہ کیا اور حیدرآباد کا دورہ کرنے کی بھی اپیل کی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ حیدرآباد ہندوستان کا گیٹ وے ہے اور OpenAI جیسی کمپنیوں کیلئے ایک مثالی مرکز ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ اس شہر میں ہندوستان کا سب سے زیادہ متحرک اختراعی ماحولیاتی نظام ہے، جس میں T-HUB ۔ WE-Hub۔ T-Works تلنگانہ اسٹیٹ انوویشن سیل۔ ریسرچ اینڈ انوویشن سرکل آف حیدرآباد وغیرہ ہونے کا دعویٰ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد پہلے ہی کئی عالمی ٹیک کمپنیوں جیسے مائیکرو سافٹ، گوگل، ایمزون، میٹا، ایپل، کوالکوم کا مرکز بن چکا ہے اور یہاں ٹکنالوجی اور اسٹارٹ اپ سیکٹر میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ کے ٹی آر نے انکشاف کیا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران سابق بی آر ایس حکومت نے ریاست کو ہندوستان کا مصنوعی ذہانت AI کا دارالحکومت بنانے کیلئے بہت سے جرأتمندانہ اقدامات کئے ہیں جن میں 2020 کو ’’AI کا سال‘‘ قرا ردینا اور AI پر مبنی کئی پروگرامس کو فروغ دینا شامل ہیں۔ سابق ریاستی وزیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ شہر حیدرآباد میں ہنر۔ اختراعات۔ نئی دریافتوں اور عالمی کینکٹیویٹی کا امتزاج انقلاب کو آگے بڑھانے میں معاون و مددگار ثابت ہوگا۔2