حیدرآباد11جون (یو این آئی) ڈائرکٹر محکمہ صحت تلنگانہ جی سرینواس راو نے سیاست میں داخلہ پر وضاحت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ اسمبلی انتخابات میں کوتہ گوڑم اسمبلی حلقہ سے مقابلہ کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ بی آرایس سے اپنی امیدواری کیلئے چیف منسٹر کے چندرشیکھرراو سے آشیرواد لینا چاہتے ہیں۔راو کچھ عرصہ سے اس اسمبلی میں سرگرم ہیں ۔ وہ کئی سرگرمیاں انجام دیتے ہوئے عوام میں اپنی موجودگی کا احساس دلاتے رہتے ہیں۔ ڈاکٹرسرینواس راو نے مفت طبی خدمات کے ذریعہ عوام تک رسائی پر توجہ مرکوز کی ہے ۔انہوں نے جی ایس آرٹرسٹ سے کئی سرگرمیاں بھی انجام دی ہیں۔چونکہ اسمبلی انتخابات قریب آتے جارہے ہیں، انہوں نے ان انتخابات میں مقابلہ کیلئے اپنی تیاری کی تصدیق کی ہے ۔انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جی ایس آرٹرسٹ کے ذریعہ وہ کوتہ گوڑم میں تعلیم، صحت عامہ اور روزگار کے شعبہ جات میں کام پر توجہ دے رہے ہیں۔سرینواس راو نے تصدیق کی ہے کہ وہ اس حلقہ کی بہبود کے لئے اپنا رول اداکرنا چاہتے ہیں۔