کوداڑ میں کانگریس کی انتخابی تیاریوں کا آغاز

   

کارکنوں کے ساتھ اتم کمار ریڈی اور پدماوتی ریڈی کا اجلاس
حیدرآباد۔/23 اگسٹ، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ کیپٹن اتم کمار ریڈی اور سابق رکن اسمبلی شریمتی پدماوتی ریڈی نے انتخابی تیاریوں کے سلسلہ میں کوداڑ اسمبلی حلقہ کے کانگریس قائدین کا اجلاس منعقد کیا۔ اتم کمار ریڈی حضورنگر اور پدماوتی ریڈی کوداڑ اسمبلی حلقہ جات سے مقابلہ کی تیاری کررہے ہیں۔ انہوں نے پارٹی قائدین اور کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ انتخابات کی تیاریوں میں جٹ جائیں اور کانگریس کی اسکیمات سے گھر گھر پہنچ کر عوام کو واقف کرائیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کوداڑ میں کم از کم 50 ہزار ووٹوں کی اکثریت سے کانگریس کو کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس 70 نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی اور کانگریس کی حکومت تشکیل پائے گی۔ ریاست کے عوام بی آر ایس حکومت کے کرپشن سے عاجز آچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے ذریعہ کانگریس کارکنوں کو ہراساں کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ ہمت اور حوصلہ سے کام لیں۔اتم کمار ریڈی نے کہا کہ فرضی مقدمات کے ذریعہ کانگریس کارکنوں کو بی آر ایس میں شمولیت کی ترغیب دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی پوری شدت کے ساتھ انتخابات میں حصہ لے گی ۔