کور اربن ریجن میں اجازت ناموں کیلئے سنگل ونڈو سسٹم : ریونت ریڈی

   

عوام کو دفاتر کے چکر کاٹنے کی ضرورت نہیں، مختلف محکمہ جات کے ساتھ چیف منسٹر کا اجلاس
حیدرآباد ۔ 15۔ مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تلنگانہ کور اربن ریجن کے تحت مختلف تعمیرات اور دیگر سہولتوں کی فراہمی سے متعلق اجازت ناموں کا عمل آسان بنایا جائے۔ عہدیداروں سے کہا گیا کہ اس سلسلہ میں مکمل اسٹڈی کرکے حکومت کو رپورٹ پیش کریں۔ ریونت ریڈی نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کور اربن ریجن کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ آوٹر رنگ روڈ کے حدود میں جی ایچ ایم سی و ایچ ایم ڈی اے کے تحت تعمیراتی مقاصد کیلئے عوام کو مختلف محکمہ جات میں درخواست دینا ہوگا۔ اجازت ناموں کیلئے عوام کو مختلف دفاتر کے چکر کاٹنے پڑیں گے۔ چیف منسٹر نے تجویز پیش کی کہ اجازت ناموں کی اجرائی کو آسان بنایا جائے۔ تعمیری کام چاہے رہائشی ہو یا تجارتی تمام درخواستیں سنگل ونڈو کے تحت ایک مقام پر داخل کی جائیں اور اجازت نامے جاری کئے جائیں۔ ریونیو، بلدیہ ، آبی وسائل ، پولیس ، فائر ، برقی اور دیگر محکمہ جات کو مشترکہ کام کرنا ہوگا ۔ تمام متعلقہ محکمہ جات کے بلز ایک مقام پر ادا کرنے سہولت دی جائے اور رقم متعلقہ محکمہ کے اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے۔ چیف منسٹر نے جائیدودں اور ذخائر آب کے سروے کی ہدایت دی ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ شہری خدمات کی فاہمی کیلئے محکمہ جات میں تال میل ضروری ہے۔ اجازت ناموں میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے اور درخواستوں کو بلا وجہ مسترد نہ کیا جائے ۔ تاخیر ہو تو وجوہات سے درخواست گزار کو آگاہ کیا جائے ۔ اجلاس میں چیف منسٹر کے مشیر نریندر ریڈی ، سکریٹری بلدی نظم و نسق ایلم برتی ، چیف منسٹر کے سکریٹری مانک راج ، کمشنر ایچ ایم ڈی اے سرفراز احمد ، کمشنر جی ایچ یم سی آر وی کرنن، ایم ڈی واٹر بورڈ اشوک ریڈی ، مینجنگ ڈائرکٹر سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن مشرف فاروقی، ایم ڈی موسی ریور ڈیولپمنٹ کارپوریشن نرسمہا ریڈی اور دوسرے شریک تھے۔1

چیف منسٹر ریونت ریڈی کا
18 مئی کو دورہ اچم پیٹ
حیدرآباد ۔ 15۔ مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی 18 مئی کو اچم پیٹ اسمبلی حلقہ کا دورہ کریں گے اور قبائلی بہبود سے متعلق نئی سرکاری اسکیم کا افتتاح کریں گے ۔ ناگر کرنول پارلیمانی حلقہ میں 12600 کروڑ سے قبائل کی ترقی کیلئے اندرا گری جلا سارا وکاس نامی اسکیم کا چیف منسٹر افتتاح کریں گے۔ رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر ملو روی نے مقامی عوامی نمائندوں کے ساتھ چیف منسٹر کے دورہ کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ قبائل کی ہمہ جہتی ترقی اور بھلائی کیلئے حکومت نے نئی اسکیم تیار کی ہے۔ متحدہ محبوب نگر ضلع میں قبائلی آبادی کو پیش نظر رکھتے ہوئے چیف منسٹر نے اچم پیٹ میں اسکیم کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ رکن اسمبلی کلواکرتی کے نارائن ریڈی اور دیگر مقامی نمائندے اجلاس میں شریک تھے۔ چیف منسٹر کے جلسہ عام کیلئے وسیع تر انتطامات کا فیصلہ کیا گیا ۔1