کورنو وائرس کے پیش نظر اے پی میں چوکسی

   

حیدرآباد 28 جنوری ( سیاست نیوز) چین میں پھوٹ پڑے کورنو وائرس کے پیش نظر اے پی میں چوکسی اختیار کی گئی ہے ۔محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بیرونی ممالک بالخصوص چین سے واپس ہونے والوں پر نظررکھی ہے ۔حال ہی میں اے پی کے رائے چوٹی سے تعلق رکھنے والی ایک لڑکی چین سے واپس ہوئی جو وہاں ایم بی بی ایس کی تعلیم حاصل کررہی تھی۔عہدیداروں نے فوری طورپر اس لڑکی کی شناخت کرتے ہوئے اس کو تین دن تک علحدہ کمرہ میں رکھا تاکہ یہ پتہ چلایاجاسکے کہ آیا وہ اس موذی وائرس سے متاثر تو نہیں ہے تاہم اس کے تمام طبی معائنے منفی آئے جس کے بعد اس کو گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔حکومت نے حال ہی میں ریاستی دارالحکومت امراوتی میں سرویلینس سسٹم قائم کیا تاکہ اس وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکے ۔ریاست کے ایرپورٹس پر آنے والے تمام افراد پر نظر رکھی جارہی ہے اور ان کی جانچ کا کام ایرپورٹ پر کیاجارہا ہے ۔دوسری طرف ڈسٹرکٹ میڈیکل ہیلت آفیسر ڈاکٹر اوماسندری نے عوام کو تجویز پیش کی کہ وہ چوکس رہیں۔