کورنٹائن سنٹرس میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ڈائرکٹر میڈیکل اینڈ ہیلت کو ہدایت

   

صدرنشین کمیشن محمد قمرالدین کا مکتوب، اقلیتی کمیشن کو وکلاء کی شکایت
حیدرآباد 4 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن نے ڈائرکٹر میڈیکل اینڈ ہیلت کو ہدایت دی ہے کہ وہ شہر کے کورنٹائن سنٹرس کا دورہ کرتے ہوئے بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لیں۔ کمیشن نے اندرون دو یوم رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ کمیشن کے صدرنشین محمد قمرالدین کو شہر کے وکلاء نے ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے شکایت کی کہ کورونا وائرس کے مشتبہ متاثرین کے لئے گاندھی ہاسپٹل، عثمانیہ ہاسپٹل، فیور ہاسپٹل، چارمینار یونانی ہاسپٹل اور دیگر ہاسپٹلس میں کورنٹائن سنٹرس قائم کئے گئے ہیں جہاں پر بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے۔ مشتبہ مریضوں کو صرف ایک ڈریس فراہم کیا گیا ہے اور ہاسپٹل کے حکام ارکان خاندان کو دوسرا لباس فراہم کرنے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں۔ بیشتر افراد شوگر، امراض قلب اور دیگر بیماریوں کا شکار ہیں جس کے سبب صحت و صفائی کے خصوصی انتظامات کی ضرورت ہے۔ اُنھوں نے شکایت کی کہ اِن دواخانوں میں صحت و صفائی کے انتظامات انتہائی ناقص ہیں اور واش رومس کی مناسب صفائی نہیں ہے جس کے نتیجہ میں مریضوں کو مزید مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔ کمیشن سے شکایت کی گئی کہ مناسب غذا اور صاف پینے کا پانی تک سربراہ نہیں کیا گیا۔ اقلیتی کمیشن نے ڈائرکٹر میڈیکل اینڈ ہیلت کو مکتوب روانہ کیا اور تمام مراکز کا دورہ کرتے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایت دی۔ مسائل کی یکسوئی کے بعد اندرون دو یوم رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔ وکلاء کی جانب سے پیش کردہ یادداشت میں کہا گیا ہے کہ بیشتر افراد کو مختلف سرکاری دواخانوں میں آبزرویشن کے لئے رکھا گیا ہے اور یہ افراد حکام کی لاپرواہی کے نتیجہ میں مشکلات سے دوچار ہیں۔ غذا، پانی کے علاوہ صحت و صفائی کے انتظامات ناقص ہیں۔ وکلاء نے اِس معاملہ میں کمیشن سے مداخلت کرتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت دینے کی درخواست کی ہے۔