سنگاپور: وزیراعظم سنگاپور لی سین لونگ نے کہا ہیکہ عالمی وبا کوروناوائرس بڑے پیمانے پر مضر مرض ضرور ثابت ہوا ہے لیکن یہ اتنا مہلک بھی نہیں کہ نسل انسانی اس کے آگے ختم ہوجائے۔ اس ایمرجنسی کے دوران جو سبق ہم نے سیکھیں ہیں وہ مستقبل میں پیش آنے والے وبائی حالات کیلئے کافی مفید ثابت ہوسکتے ہیں۔ وزیراعظم نے نشاندہی کی کہ سائنسدانوں کا ماننا ہیکہ مرض Disease X بنی نوع انسان کیلئے کہیں زیادہ نقصاندہ ثابت ہوسکتا ہے۔ اس مرض کو فبروری 2018ء میں عالمی صحت تنظیم ڈبلیو ایچ او نے مخصوص نام دیتے ہوئے بیان کیا تھا کہ یہ زیادہ بڑی وبا کا مؤجب بن سکتا ہے۔ سنگاپور کے وزیراعظم نے کہا کہ جب کوویڈ۔19 پہلی مرتبہ سننے میں آیا تو یوں لگا تھا کہ کہیں Disease X کا مرض تو پھوٹ نہیں پڑا ہے۔ کورونا دنیا کے لئے تباہی ثابت ہوا ہے لیکن یقینا یہ Disease X نہیں۔ لونگ نے کہا کہ سنگاپور میں کوویڈ۔19 پر قابو پانے میں اچھا کام کیا ہے لیکن تن آسانی کی کوئی گنجائش نہیں۔