کورونا : حکومت کی کارگزاری سے نصف آبادی ناخوش

,

   

نئی دہلی : جاریہ وبا کوویڈ۔19 سے نمٹنے میں حکومت ہند کی پالیسی سے تقریباً نصف ہندوستانی شہری ناخوش ہیں۔ اس وبا کی دوسری لہر گزشتہ مارچ میں شروع ہوئی۔ ایک سروے کے مطابق جملہ 46.6 فیصد شرکاء نے اپنی رائے ظاہر کی کہ ان کے خیال میں مرکزی حکومت کورونا وائرس سے اچھی طرح نمٹنے میں ناکام ہوئی ہے، ان میں سے 29.2 فیصد نے سخت بے اطمینانی کے ساتھ کہا کہ حکومت وبائی بحران سے نمٹنے کے اقدامات میں ناکارہ ثابت ہوئی ہے۔ آئی اے این ایس ۔ سی ووٹر کوویڈ سروے گزشتہ 7 یوم میں ملک بھر میں منعقد کیا گیا جس کے تحت 6872 افراد سے ان کی رائے معلوم کی گئی۔ 48.7 فیصد لوگوں نے ان اقدامات پر اطمینان ظاہر کیا جو ابھی تک مرکزی حکومت نے کورونا بحران سے نمٹنے کیلئے کئے ہیں۔ اس سوال پر کہ آیا کوروناوائرس سے خطرہ کو بڑھاچڑھا کر پیش کیا گیا ہے، 46.8 فیصد افراد نے اتفاق کیا جبکہ 39.4 فیصد نے اختلاف کیا۔ اسی طرح کا سروے رواں سال یکم ؍ جنوری اور 27 مئی کے درمیان بھی منعقد کیا گیا تھا جس میں 56,685 افراد سے ان کی رائے معلوم کی گئی۔ تازہ سروے ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ہندوستان میں کوویڈ کے مجموعی کیسوں کی تعداد 2,78,94,800 تک پہنچ گئی ہے۔