چین میں کورونا کیس میں اضافہ سے ہندوستان میں تشویش! وزیر صحت کا اعلیٰ سطحی اجلاس
نئی دہلی: چین اور یورپ میں کوویڈ۔19کے کیسس میں مسلسل اضافہ سے خوف کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔ یوروپ اور چین میں کورونا کے زبردست دھماکے سے دنیا بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ چین میں حالات بے قابو ہوچکے ہیں۔ ہر روز ریکارڈ اموات کے سبب لوگوں کو اس وبا سے اپنے مرنے والوں کی آخری رسومات ادا کرنے کے لئے بھی انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔ دریں اثنا چین اور یوروپ کے حالات کو دیکھ کر ہندوستان میں تشویش پائی جاتی ہے اور ملک میں بھی احتیاط برتی جارہی ہے۔ مرکزی وزیر صحت منسکھ مانڈویہ نے آج اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیاجس میں کورونا سے بچنے کے تمام امکانات کا جائزہ لیا گیا ۔بعد میں میڈیا سے بعد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان حالات میں سب کو احتیاط برتنے کی ضرورت ہے اور ہجوم می ماسک کا استعمال کرنا چاہئے۔ انہوں نے خاص طور پر بزرگوں کو بوسٹر لینے کا مشورہ دیا۔اجلاس میں بین الاقوامی اور ملکی ہوائی اڈوں پر حفاظتی اقدامات، بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے اصولوں کا تعین جیسے کئی اہم امور پر غور کیا گیا۔قبل ازیں، ہیلتھ سکریٹری راجیش بھوشن نے این سی ڈی سی اور آئی سی ایم آر کو ایک خط لکھا ہے، جس میں کہا گیا ہیکہ تمام ریاستوں کو ’جینوم سیکونسنگ‘ پر زور دینا ہوگا اور تمام ٹسٹ کروانے ہونگے۔اگرچہ ہندوستان میں اس وقت کورونا کے زیادہ کیسز نہیں ہیں اور اس سے ہونے والی اموات بھی نہ کے برابر ہو رہی ہیں۔ تاہم پوری دنیا میں اس وائرس کے پھیلاؤ کی رفتار کے پیش نظر، حکومت ایک مرتبہ پھر متحرک ہو گئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہیلتھ سکریٹری راجیش بھوشن نے این سی ڈی سی اور آئی سی ایم ار کو ایک خط لکھا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اگر وقت پر کورونا کی نئی شکلوں کی شناخت کرنی ہے تو اس کیلئے جینوم سیکونسنگ ضروری ہے۔ انہوں نے ریاستوں کو جینوم سیکونسنگ کیلئے نمونے بھیجنے کی بھی ہدایت دی ہے۔ خیال رہیکہ کہ چین میں کورونا کی صورتحال مزید دھماکہ خیز ہوگئی ہے اور وہاں کی حکومت کی جانب سے حال ہی میں شدید احتجاج کے باعث زیرو کووڈ پالیسی میں نرمی کے بعد اب ملک میں کورونا کے ریکارڈ کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ صورتحال یہ ہے کہ ہاسپٹلس میں مریضوں کے لیے بستر نہیں ہیں، نعشوںکی آخری رسومات ادا نہیں ہو پا رہی ہیں اور کئی مریضوں کو ضروری ادویات بھی میسر نہیں ہیں۔کورونا ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے سبھی کو ہدایت دی ہے کہ چوکس رہیں اور سرویلانس کو لگاتار بڑھانے کا کام کریں۔ ہم کسی بھی حالات سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔‘‘ محتاط رہیں، ماسک ضرور لگائیں۔میٹنگ کے بعد نیتی آیوگ کے رکن وی کے پال نے کہا کہ صرف 27تا28 فیصد لوگوں نے احتیاطی خوراک (ویکسین) لی ہے۔ ہم دیگر لوگوں، خصوصاً سینئر شہریوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ احتیاطی خوراک لیں۔ احتیاطی خوراک سبھی کیلئے لازمی ہے۔