کورونا سے بچاؤ کیلئے عوام گھروں میں بھی ماسک کا استعمال کریں

   

مرکزی حکومت کے رہنمایانہ خطوط ، مہمانوں کو مدعو کرنے سے گریز کا مشورہ
حیدرآباد۔ ملک میں کورونا وباء کے بے قابو ہونے کو دیکھتے ہوئے مرکز نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے گھروں میں بھی ماسک کے استعمال کو ترجیح دیں خاص طور پر گھروں میں مشترکہ مقامات پر موجودگی کے موقع پر ماسک کا استعمال کیا جائے۔ ملک میں کیسس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ مہمانوں کو اپنے گھر مدعو نہ کریں۔ نیتی آیوگ کے رکن اور حکومت کی جانب سے ٹیکہ اندازی کیلئے تشکیل دیئے گئے گروپ کے سربراہ ڈاکٹر وی کے پال نے کہا کہ عوام کیلئے ضروری ہے کہ وہ اپنے مکانات کے اندر بھی ماسک کا استعمال کریں، ایسے وقت جبکہ تمام ایک ساتھ بیٹھے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا قواعد پر سختی سے عمل آوری کی ضرورت ہے اور ماسک کے استعمال کے سلسلہ میں عوام میں شعور بیدار کیا جائے جو کورونا سے بچاؤ کا بہتر ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مقامات پر ماسک کے استعمال کو حکومت نے لازمی قرار دیا ہے جبکہ کیسس کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے گھروں میں بھی اس کے استعمال کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو غیر ضروری طور پر مکانات سے باہر نکلنے میں احتیاط کرنی چاہیئے۔ ڈاکٹر پال نے کہا کہ عوام بیرونی افراد کو اپنے مکانات میں داخلہ کی اجازت نہ دیں اور مہمانوں کو مدعو کرنے سے گریز کیا جائے۔ حکومت کی جانب سے اس سلسلہ میں شعور بیداری مہم شروع کی گئی ہے۔