تلنگانہ ہائی کورٹ میں سماعت ، چائلڈ کیر سنٹرس منتقل کرنے کا مشورہ
حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے حکومت کو ہدایت دی ہے کہ کورونا کی پہلی اور دوسری لہر میں یتیم اور بے سہارا ہونے والے 177 بچوں کی نگہداشت اور پرورش کرے۔ عدالت نے کہا کہ کورونا سے بے سہارا ہونے والے ان بچوں کے تمام تر مسائل کی ذمہ داری حکومت کو اٹھانی چاہئے ۔ بچوں کو چائلڈ کیر سنٹرس منتقل کرنے کیلئے ایک مستقل عہدیدار کے تقرر کی تجویز پیش کی گئی ۔ کورونا کی صورتحال پر داخل کی گئی مفاد عامہ کی درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس ہیما کوہلی اور جسٹس وجئے سین ریڈی نے یہ احکامات جاری کئے۔ عدالت نے ڈائرکٹر جنرل پولیس ، ڈائرکٹر جنرل جیل ڈپارٹمنٹ ، بلدی نظم و نسق ، سیول سپلائیز ، تعلیم اور بہبودیٔ خواتین و اطفال محکمہ جات کے کمشنر کی جانب سے داخل کردہ رپورٹ کا جائزہ لیا۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کے دوران خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔ عدالت نے 7 جولائی کو آئندہ سماعت تک مزید تفصیلات پیش کرنے کی محکمہ جات کو ہدایت دی ہے ۔ عدالت نے انتخابی ڈیوٹی انجام دیتے ہوئے کورونا فوت ہونے والے سرکاری ملازمین کے ڈیتھ بینیفٹس فوری جاری کرنے کی ہدایت دی۔ عدالت نے سوال کیا کہ نیلوفر ہاسپٹل میں صرف 24 بستروں کے ساتھ آئندہ دنوں میں کورونا سے متاثر ہونے والے بچوں کا علاج کس طرح کیا جائیگا ۔