پولیس نے متاثرہ شخص کو مقامی ہاسپٹل میں شریک کروایا ۔ ارکان خاندان بھی ہوئے ہاسپٹل میں کورنٹائن
حیدرآباد :۔ کورونا بحران کے دوران ضلع جگتیال میں ایک غیر انسانی واقعہ منظر عام پر آیا ۔ کورونا سے متاثرہ شخص کو مالک مکان نے گھر میں داخل ہونے نہیں دیا ۔ پولیس کی مداخلت کے بعد ہاسپٹل میں کورونا متاثر کو شریک کرانے کے علاوہ ہاسپٹل کے ہی ایک روم میں اس کے ارکان خاندان کو کورنٹائن کیا گیا ۔ کورونا وائرس بحران کے دوران انسانیت کو شرمسار کرنے والے کئی واقعات سامنے آئے ہیں ۔ جہاں خونی رشتوں نے اپنوں کو فراموش کردیا ۔ وہیں پڑوسی اور مکان مالکین نے بھی کورونا کے متاثرین کو قبول کرنے سے انکار کردیا ۔ ایک ایسا ہی واقعہ ضلع جگتیال میں پیش آیا ۔ کورونا سے متاثر شخص کو ہاسپٹل میں بیڈ خالی نہ ہونے کی وجہ سے گھر کو پہونچا دیا گیا ۔ تفصیلات کے بموجب مٹ پلی کا ایک شخص کورونا سے متاثر ہوگیا ۔ جنہیں جگتیال کے سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا گیا تاہم ہاسپٹل میں بیڈس خالی نہ ہونے کی وجہ سے ڈاکٹرس نے متاثرہ شخص کو دوبارہ گھر بھیجا دیا ۔ گھر کرایہ کا ہونے کی وجہ سے گھر کے مالک نے کورونا سے متاثر شخص کو گھر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی ۔ جس سے کورونا سے متاثر شخص روڈ پر آگیا ۔ اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس پہونچکر مکان مالک کی کونسلنگ کی پھر بھی اس کی جانب سے کوئی رضا مندی ظاہر نہ ہونے پر متاثرہ شخص کو مٹ پلی کے سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔ متاثرہ شخص کے علاوہ اس کی بیوی اور دو دختروں کو ہاسپٹل کے ہی ایک روم میں کورنٹائن کیا گیا اس واقعہ نے پھر ایکبار انسانیت کے جذبات کو تار تار کیا ہے حکومت اور پولیس کی جانب سے متاثرہ عوام کے خلاف غیر انسانی سلوک نہ کرنے کی بار بار ہدایت دینے کے باوجود عوام میں کوئی تبدیلی نہیں دیکھی جارہی ہے ۔ بلکہ عوام میں ڈر و خوف برابر بنا ہوا ہے ۔۔
