کورونا سے نمٹنے کے اقدامات پر ہائی کورٹ کی حکومت سے رپورٹ طلب

   

مفاد عامہ کی درخواست، غیر مقامی ورکرس کو منتقل کرنے کی اپیل
حیدرآباد۔ 15 اپریل (سیاست نیوز) کورونا سے نمٹنے کے سلسلہ میں حکومت کے اقدامات پر تلنگانہ ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی درخواست دائر کی گئی ہے۔ ایڈوکیٹ آر بھاسکر نے درخواست دائر کی۔ عدالت نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ سماعت کی۔ درخواست گزار کی طرف سے سینئر کونسل ماچرلہ رنگیا نے دلائل پیش کئے جبکہ ایڈوکیٹ جنرل بی ایس پرساد نے حکومت کی نمائندگی کی۔ درخواست گزار نے غیر مقامی ورکرس کو ان کے آبائی مقامات روانہ کرنے اور ہر کالونی میں رعیتو بازار قائم کرنے، ہر ضلع میں کورونا سے روک تھام کے لیے خصوصی مرکز قائم کرنے کی درخواست کی۔ ایڈوکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ حکومت کی جانب سے کورونا کو روکنے کے لیے تمام تر احتیاطی قدم اٹھائے گئے ہیں۔ عدالت نے ریاست میں ریڈ زونس کی تشکیل کے بارے میں استفسار کیا۔ عدالت نے پوچھا کہ ریاست میں کورونا کے کٹس کتنی تعداد میں ہیں اور تاحال کتنے ٹسٹس انجام دیئے گئے۔ عدالت نے تمام تفصیلات کے ساتھ جوابی حلف نامہ داخل کرنے کی حکومت کو ہدایت دی۔ مقدمہ کی آئندہ سماعت 20 اپریل کو ہوگی۔