کانگریس اور دیگر اپوزیشن کا مطالبہ، معاشی صورتحال پر وائٹ پیپر جاری کرنے پر زور
حیدرآباد۔ 15 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کورونا وائرس سے نمٹنے میں حکومت کی ناکامی کا الزام عائد کرتے ہوئے پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے کل جماعتی اجلاس منعقد کیا گیا۔ گاندھی بھون کے احاطہ میں موجود ایگزیبیشن ہال میں صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا۔ صدر تلنگانہ تلگودیشم ایل رمنا، سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی، تلنگانہ جناسمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈارام، این ٹی پارٹی کے صدر سی ایچ سدھاکر، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت رائو اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ حکومت کی غفلت اور لاپرواہی کے نتیجہ میں تلنگانہ معاشی بحران کا شکار ہے۔ انہوں نے حکومت سے معاشی صورتحال پر وائٹ پیپر جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے ٹسٹ تلنگانہ میں موجود مرکزی اداروں میں کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کے لیے حکومت نے جس پیاکیج کا اعلان کیا تھا اس پر عمل آوری نہیں ہوئی ہے۔ اناج اور امدادی رقم سے غریب محروم ہیں۔ پروفیسر کودنڈارام نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مصروف محکمہ جات میڈیکل اینڈ ہیلتھ، پولیس اور میونسپل ایڈمنسٹریشن کی ستائش کی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ڈاکٹرس سے مکمل تعاون کریں اور ان پر حملے کرنے سے گریز کریں۔ کودنڈارام نے لاک ڈائون کی مکمل پابندی کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ کورونا سے نمٹنے کے لیے صرف لاک ڈائون کافی نہیں ہے۔
انہوں نے تمام اریا ہاسپٹلس میں 104 اور 108 ایمبولینس کی دستیابی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے راشن کارڈ کی شرط کے بغیر ہر غریب خاندان کو اناج کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ آنے والے دو مہینوں میں فی خاندان 5 ہزار روپئے جاری کئے جائیں۔ کل جماعتی اجلاس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ کورونا اور معاشی صورتحال پر کل جماعتی اجلاس طلب کیا جائے۔ ایسے وقت جبکہ 30 اپریل تک لاک ڈائون میں توسیع کردی گئی لہٰذا غریبوں کا تحفظ کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ سی پی آئی کے چاڈا وینکٹ ریڈی نے افسوس کا اظہار کیا کہ چیف منسٹر اپوزیشن کے مکتوب کا جواب دینے سے گریز کررہے ہیں۔ چیف منسٹر کے نزدیک اپوزیشن کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر امبیڈکر کو خراج پیش کرنے پر ہنمنت رائو کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی مذمت کی۔ صدر تلنگانہ تلگودیشم ایل رمنا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کورونا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے مزید سخت اقدامات کرے۔
