جموں: شری امرناتھ جی شرائن بورڈ نے کورونا قہر کے پیش نظر سالانہ امرناتھ یاترا 2021 کے لئے جاری رجسٹریشن کے عمل کو عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔بورڈ نے جمعرات کو یہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صورتحال میں بہتری آنے پر رجسٹریشن کے عمل کو بحال کر دیا جائے گا۔شری امرناتھ جی شرائن بورڈ کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا گیا: ‘ملک میں کووڈ کی صورتحال میں تیزی اور اس سے بچنے کے احتیاطی تدابیر کے پیش نظر شری امرناتھ جی یاترا کی رجسٹریشن کو عارضی طور پر معطل کیا جا رہا ہے ۔ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور اس میں بہتری آنے پر رجسٹریشن کے عمل کو بحال کیا جائے گا’۔قبل ازیں شری امرناتھ جی شرائین بورڈ نے رواں برس 13 مارچ کو اعلان کیا کہ امسال یاترا کی مدت 56 دنوں کی ہوگی جو 28 جون 2021 سے شروع ہو کر 22 اگست 2021 یعنی رکھشا بندھن کے تہوار کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔بورڈ نے کہا تھا کہ یاترا حکومت کی جانب سے وضح کئے گئے کووڈ 19 ایس او پیز کے رہنما خطوط کے تحت ہی منعقد کی جائے گی۔سالانہ امرناتھ یاترا کے لئے یاتریوں کی پیشگی رجسٹریشن کا عمل 15 اپریل کو پنجاب نیشنل بنک، جموں کشمیر بنک اور یس بنک کی نامزد 446 شاخوں میں، جو 37 ریاستوں اور یوٹیز میں واقع ہیں، میں شروع ہوا تھا۔