کورونا :متاثرین کی تعداد تقریبا 55 لاکھ ، 3.46 لاکھ افراد ہلاک

,

   

بیجنگ / جنیوا / نئی دہلی۔26 مئی ۔( سیاست ڈاٹ کام) عالمی وبا کورونا وائرس کا قہر دن بہ بڑھتا ہی جا رہا ہے اور دنیا بھر میں اس کے متاثرین کی تعداد 55 لاکھ کے قریب ہو گئی ہے جبکہ 3.46 لاکھ سے زا ئد افراد اب تک ہلاک ہوچکے ہیں۔امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھرمیں متاثرین کی مجموعی تعداد54,95,061 جبکہ 3,46,229 افراد کی اس وبا سے موت ہو چکی ہے ۔دنیا بھر میں سب سے زیادہ متاثر ممالک میں پہلے مقام پر امریکہ کے بعد اب برازیل دوسرے نمبر پر ہے جبکہ روس تیسرے نمبر پر ہے۔ہندوستان میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ بڑھتا ہی جا رہا ہے اور اب یہ دنیا بھر میں انفیکشن کے سب سے زیادہ کیسز والے ممالک میں 10 ویں نمبر پر ہے۔یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں متاثرین کے 6535 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی جانب سے منگل کو جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک کی 32 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اس کے انفیکشن سے اب تک 1,45,380 لوگ متاثر اور4167 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ جبکہ 60،491 لوگ اس بیماری سے نجات پا چکے ہیں۔امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 16 لاکھ سے زیادہ ہو چکی ہے جبکہ اس انفیکشن سے مرنے والوں کی تعداد 98 ہزار کے اعداد و شمار کو پار کر چکی ہے ۔ دنیا میں سپر پاور مانے جانے والے امریکہ میں متاثرین کی مجموعی تعداد مسلسل بڑھتے ہوئے 16,62,302 جبکہ 98,218 افرادکی موت ہو چکی ہے ۔

اس دوران برازیل میں بھی کورونا وائرس نے بھیانک شکل اختیار کر لیا ہے اور اب یہ انفیکشن کے سب سے زیادہ کیسز میں دنیا کا دوسرا ملک ہے ۔ برازیل میں کوروائرس متاثرین کی مجموعی تعداد 3,74,898 ہو گئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس وبا سے 807 افراد کی موت کے بعد ملک میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 23,473 ہو گئی ہے ۔روس میں بھی کووڈ۔19 کا قہر جاری ہے اور روس اس انفیکشن سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے ۔یہاں اب تک3,53,427 لوگ اس کی زد میں آ چکے ہیں اور 3633 اموات ہو چکی ہے ۔اس کے علاوہ برطانیہ میں بھی حالات مسلسل خراب ہوتے جا رہے ہیں. یہاں اب تک اس وبا سے 2,62,547 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور 36,996 لوگوں کی اس وبا سے موت ہو چکی ہے ۔یورپ میں شدید متاثر ملک اٹلی میں اس وبا کی وجہ سے اب تک 32,877افراد ہلاک اور 2,30,158 افراداس سے متاثر ہوئے ہیں۔ا سپین میں کل 2,35,400 لوگ متاثرجبکہ 26,834 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔اس عالمی وبا کے مرکز چین میں اب تک 84,102 لوگ متاثر اور 4638 ہلاک ہو ئے ہیں۔یوروپی ملک فرانس اور جرمنی میں بھی صورت حال کافی خراب ہیں۔فرانس میں اب تک 1,83,067 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور 28,460 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ جرمنی میں کورونا وائرس سے 1,80,600 افراد متاثر جبکہ 8,309 لوگ ہلاک ہوچکے ہیں۔ ترکی میں کورونا وائرس سے اب تک 1,57,814 لوگ متاثر اور 4,369 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔کورونا وائرس سے شدید متاثر خلیجی ملک ایران میں 1,37,724 لوگ متاثر جبکہ 7451 لوگ اس وبا سے ہلاک ہوئے ہیں۔بیلجیم 9312، میکسیکو 7633، کینیڈا 6655، اور پرتگال میں 1330 افراد کی موت ہو چکی ہے ۔