کورونا مریضوں میں 93 فیصد اومی کرون متاثرین

   

ڈیلٹا کا اثر بہت کم ۔ بچاؤ کیلئے ٹیکہ لینے ڈاکٹرس کا مشورہ
حیدرآباد۔25جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ میں کورونا متاثرین میں 93 فیصد مریض اومی کرون سے متاثر ہیں جبکہ صرف 7 فیصد مریض ڈیلٹا کے باقی رہ گئے ہیں۔ ملک بھر میں کورونا مریضوں میں اضافہ کے دوران محکمہ صحت و دیگر ادارو ںکی جانب سے یہ کہا گیا تھا کہ اومی کرون مریضوں میں ڈیلٹا سے زیادہ تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے لیکن اب تلنگانہ میں مجموعی اعتبار سے 93 فیصد اومی کرون مریضوں کی موجودگی اور ان میں بیشتر علامات سے عاری ہونے کے بعد محکمہ صحت میں اطمینان کی سانس لی جانے لگی ہے ۔کہا جا رہاہے کہ ڈیلٹا متاثرین کی تعداد میں اضافہ نہیں ہوا ہے ۔ ذرائع کے مطابق گاندھی ہاسپٹل میں جہاں کورونا مریضوں کا علاج جاری ہے دواخانہ میں 76 ایسے مریض ہیں جن کی حالت تشویشناک ہے اور تلنگانہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس میں صرف 70 مریض زیر علاج ہیں جو کہ بیرون ملک سے تعلق رکھنے والے ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ جن مریضوں کی حالت تشویشناک ہے وہ کورونا کا شکار ہونے سے قبل مختلف عوارض میں مبتلا تھے جس سے انہیں سنگین صورتحال کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ڈاکٹرس نے بتایا کہ گاندھی ہاسپٹل میں تشویشناک مریضوں میں بیشتر ڈیلٹا متاثرین ہیں جبکہ اومی کرون کے متاثرین کی حالت تشویشناک حد تک بگڑنہیں رہی ہے۔ جو مریض بعد شریک دواخانہ ہوئے ہیں ان میں 90 فیصد ایسے ہیں جو کہ کورونا ٹیکہ نہیں لئے ہیں اسی لئے ڈاکٹرس کی جانب سے مختلف عوارض میں مبتلاء مریضوں کو فوری کورونا ٹیکہ حاصل کرنے کا مشورہ دیا جا رہاہے ۔ حکومت کی جانب سے گاندھی ہاسپٹل ‘ تلنگانہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس ‘ چیسٹ ہاسپٹل کے علاوہ کنگ کوٹھی دواخانہ میں بھی کورونا مریضوں کے علاج کیلئے علحدہ گوشے تیار کئے جاچکے ہیں۔ م