تروپتی ۔ آندھرا پردیش میں کورونا کیسوں میں تیزی سے اضافہ کے پیش نظر چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے تروپتی ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں 14 اپریل کو ہونے والے جلسہ کو منسوخ کردیا ہے ۔ چیف منسٹر نے رائے دہندوں کو ایک کھلا مکتوب جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ صرف جمعہ کو ریاست میں 2,765 نئے کورونا کیس رپورٹ ہوئے ہیں ۔ ان میں 496 چتور میں اور 296 نیلور میں رپورٹ ہوئے ہیں جو لوک سبھا حلقہ تروپتی میں آتے ہیں۔ چیف منسٹر نے اپنے مکتوب میں کہا کہ اگر وہ جلسہ میں شرکت کرینگے تو ہزاروں افراد اس میں شریک ہونگے تاہم ان کیلئے عوام کی صحت زیادہ اہمیت کی حامل ہے اور بحیثیت ایک ذمہ دار چیف منسٹر وہ تروپتی کا اپنا جلسہ منسوخ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ حلقہ تروپتی کے ہر خاندان کو مکتوب روانہ کر چکے ہیں اور وائی ایس آر کانگریس کے گدشتہ 22 مہینوں کے اقتدار میں ان کو پہونچائے گئے فائدوں سے واقف کرواچکے ہیں۔