کورونا وائرس : بالا نگر فلائی اوور کی تعمیرات پر اثر انداز

   

1.3 کیلو میٹر 6 لائن فلائی اوور پر 387 کروڑ روپئے کے اخراجات
حیدرآباد :۔ ٹریفک مسائل کی یکسوئی کے لیے تعمیر کئے جانے والے بالا نگر فلائی اوور پر کورونا وائرس کے بادل منڈلا رہے ہیں ۔ اکتوبر تک تعمیر کرنے کا نشانہ ممکن نظر نہیں آرہا ہے ۔ بالا نگر میں شوبھنا تھیٹر سے آئی ڈی پی ایل تک 1.3 کیلو میٹر طویل 6 لائن پر مشتمل فلائی اوور تعمیر کرنے کے لیے حیدرآباد میٹرو ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے 387 کروڑ روپئے مختص کئے ۔ جس میں حصول اراضی کے لیے 265 کروڑ اور فلائی اوور کی تعمیر کے لیے 122 کروڑ روپئے شامل ہیں ۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے 21 اکٹوبر 2017 کو اس فلائی اوور کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا تھا ۔ دو سال سے زائد عرصہ صرف حصول اراضیات میں گذر گیا ۔ جس سے فلائی اوور کی تعمیر میں بڑی تاخیر ہوگئی ۔ حصول اراضی کے بعد انجینئرنگ کاموں کا آغاز ہوا ۔ لاک ڈاؤن کے دوران تعمیری کاموں میں تیزی پیدا کردی اور 26 پلرس کے تعمیراتی کام مکمل ہوگئے ۔ ماباقی تعمیری کاموں کے دوران کنٹراکٹ حاصل کرنے والی بی ایس سی پی ایل انفراسٹرکچر کمپنی کے منیجنگ ڈائرکٹر اور پراجکٹ منیجر کے علاوہ عملہ میں 10 ارکان کورونا سے متاثر ہونے کے بعد دوسرے عملے میں ڈر و خوف پیدا ہوگیا جس کے بعد تمام عملہ کا بھی کورونا ٹسٹ کرایا جارہا ہے ۔ جس کے بعد تیزی سے جاری تعمیری کاموں میں سست رفتاری پیدا ہوگئی ہے ۔ ریاستی وزیر انیمل ہسبینڈری ٹی سرینواس یادو نے فلائی اوور کی تعمیری کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے اکتوبر تک تعمیری کام مکمل کرنے کا نشانہ مختص کیا تھا ۔ تاہم مقررہ وقت پر تعمیری کام مکمل ہونے کے آثار نظر نہیں آرہے ہیں ۔۔