ماسکو ۔ 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کورونا وائرس کے باعث تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی ہو رہی ہے۔ چاربرس کے دوران تیل نرخوں میں ریکارڈ کمی سامنے آ رہی ہے۔روسی خبر رساں ادارے آر ٹی کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوٹین نے کہا ’کورونا وائرس کے پھیلنے سے عالمی معیشت پر برے اثرات مرتب ہو رہے ہیں‘۔روسی صدر عالمی تیل منڈی کے مسائل پر تبادلہ خیال کے لیے اعلیٰ عہدیداروں سے گفتگو کر رہے تھے۔صدر پوٹن نے تیل نرخوں میں ریکارڈ کمی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ’ابھی یہ اندازہ مشکل ہے کہ تیل نرخوں میں کمی کا سلسلہ کب تک جاری رہے گا تاہم صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمیں تیاری کرنا ہوگی‘۔المرصد کے مطابق تیل کے نرخ ایک برس کے دوران انتہائی نچلی سطح پر آ گئے ہیں جبکہ تیل نرخوں میں کمی کا چار سالہ ریکارڈ ٹوٹنے جا رہا ہے۔ تیل منڈی سے باخبر حلقوں نے توقع ظاہر کی کہ تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک اور اتحادی تیل پیداوار میں بڑی کمی کریں گے۔